ملا برادر اخوند سے بھارت اور بنگلہ دیش کے متعدد علماء کرام کی ملاقات
قومی اثاثے منجمد کرنا اور اقتصادی پابندیاں وہ مسائل ہیں جنہوں نے افغانستان کی اقتصادی ترقی کا راستہ روک لیا ہے
کابل(نمائندہ وائس آف جرمنی): نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر آخوند سے بھارت اور بنگلہ دیش کے متعدد علماء کرام نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ملا عبد الغنی برادر اخوند نے افغانستان میں امارت اسلامیہ کی حاکمیت کے بعد افغانستان کی صورتحال پر مختصر اور جامع گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ: امارت اسلامیہ نے تعلیمی نصاب میں قابل ذکر اصلاحات لائی ہیں، ملک کی معاشی صورتحال میں کافی بہتری آئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کے قومی اثاثے منجمد کرنا اور اقتصادی پابندیاں وہ مسائل ہیں جنہوں نے افغانستان کی اقتصادی ترقی کا راستہ روک لیا ہے۔ امارت اسلامیہ اسلامی شریعت کی روشنی میں باہمی مفادات کی بنیاد پر دنیا کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ دریں اثناء مذکورہ ممالک کے علمائے کرام نے افغانستان میں اسلامی نظام کی حاکمیت پر خوشی کا اظہار کیا اور اسلامی نظام کی مضبوطی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔