پنجاب حکومت کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ
نہ صرف خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں بلکہ دیگر کمزور طبقات جیسے خواجہ سرا، اقلیتی افراد اور معذور افراد کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے
لاہور : قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے خواجہ سراء سوسائٹی کے اشتراک سے "انسانی حقوق کے لیے تبدیلی کی تحریک اور انسانیت کو بااختیار بنانا” کے عنوان پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں پنجاب حکومت کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، ندیم اشرف، رکن قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، علی بہادر قاضی، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ماہ نور چوہدری، خواجہ سرا سوسائٹی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ندیم اشرف، رکن قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اداروں، کمیونٹیوں اور حکومتوں کے مابین مستقل تعاون کی ضرورت ہے۔
اپنے کلیدی خطاب میں، وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے پنجاب حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ نہ صرف خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں بلکہ دیگر کمزور طبقات جیسے خواجہ سرا، اقلیتی افراد اور معذور افراد کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صو بائی وزیر نے کہا، "پنجاب حکومت اور حقوق انسانی و اقلیتی امور کے محکمہ کا مقصد تمام انسانوں کے حقوق کا تحفظ اور کمزور طبقات کے لیے آگاہی بڑھانا ہے۔” صوبائی وزیر نے حکومت کی آئندہ منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے محکمہ کے پلیٹ فارم سے پہلی مرتبہ پانچ سالہ حکمت عملی/ اسٹریٹجک پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے "تحفظ مرکز” کے بارے میں بھی بتایا، جو خواتین، بچوں اور خواجہ سرا افراد کے لیے سوشل پروٹیکشن فراہم کرنے والا ایک انقلابی منصوبہ ہے۔ رمیش سنگھ نے صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے افراد، کمیونٹیوں، اداروں اور حکومتوں کو مشترکہ طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
کانفرنس میں ایک متاثر کن تھیٹر پرفارمنس اورایک پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں شرکاء نے انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں اور ان کے تحفظ کے لیے موجود قانونی طریقوں پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اس دوران "حقیقت کی عکس بندی: کیمرے کے ذریعے سفر” کے عنوان سے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جو انسانی حقوق کی جدوجہد اور کامیابیوں کو بصری طور پر پیش کرتی ہے۔ کانفرنس میں مختلف اداروں کے نمائندوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے فعال کردار کو یقینی بنائیں گے۔
کانفرنس کے اختتام پر انسانی حقوق کے تحفظ میں نمایاں خدمات سر انجام دینے پر مختلف نمائندگان کو تعریفی اسناد جبکہ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کو انسانی حقوق اور اقلیتی امور کے لیے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔