سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا سندس فاؤنڈیشن کا دورہ
سندس فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دے رہی ہے۔ دنیا کے مثالی ماڈلز کو اپناتے ہوئے اس بیماری سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور (نمائند وائس آف جرمنی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے سندس فاؤنڈیشن کی انسانیت کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے اسے سماجی بھلائی کے لیے ایک اہم قدم اور مستحق مریضوں کے لیے امید کی کرن قرار دیا۔اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دے رہی ہے اور اس نیک کام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اعلان کیا کہ تمام اراکین پنجاب اسمبلی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سندس فاؤنڈیشن کو عطیہ کریں گے، انہوں نے تھیلیسیمیا کے مسئلے پر بہت جلد قانون سازی کرنے کا عزم کا اظہار کیا تاکہ دنیا کے مثالی ماڈلز کو اپناتے ہوئے اس بیماری سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔مزید براں سپیکر ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ حالیہ دہشت گردی اور فسادات کے واقعات کو روکے۔ریاست کو ان مسائل کے حل کے لیے قانونی کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ امن کے قیام کے لیے بات چیت ضروری ہے لیکن احتجاج کے نام پر لاٹھی اور ڈنڈے اٹھانے والوں کو روکا جانا چاہیے۔ اس موقع پر سہیل وڑائچ، خالد عباس ڈار، سندس فاؤنڈیشن کے سی او او عبدالستار، فیصل حمید اور عمران مہر بھی موجود تھے۔ سپیکر نے رینجرز کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن منو بھائی مرحوم کے نوبل کاز کو سہیل وڑائچ اور دیگر شخصیات کی قیادت میں کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے اور اس ادارے کے مشن کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔