اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

روزانہ 5 لاکھ لیٹر سے زائد ایرانی تیل کی سمگلنگ کا الزام، لیویز افسر برطرف

حکام کے مطابق برطرف لیویز افسر نے ایک سال سے زائد عرصے تک ایران کی سرحد سے روزانہ 400 سے 600 ایرانی تیل سے بھری گاڑیوں کو رشوت لے کر پاکستان میں داخلے کی اجازت دی اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ایرانی سرحد سے متصل بلوچستان کے ضلع کیچ میں گریڈ 14 کے لیویز افسر کو کروڑوں روپے کی بدعنوانی، منی لانڈرنگ اور ایرانی کی سمگلنگ کے الزام میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق برطرف لیویز افسر نے ایک سال سے زائد عرصے تک ایران کی سرحد سے روزانہ 400 سے 600 ایرانی تیل سے بھری گاڑیوں کو رشوت لے کر پاکستان میں داخلے کی اجازت دی اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کیچ میں تعینات بلوچستان لیویز فورس کے رسالدار سماعیل خالق کو فرائض میں غفلت، غیرذمہ دارانہ رویہ برتنے، بغیر اجازت بیرون ملک کے دورے کرنے، منی لانڈرنگ، سرکاری زمینوں پر قبضے، کرپشن اور سمگلنگ میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر برطرف کیا گیا۔
برطرفی کے سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شواہد کی موجودگی میں ملزم کے خلاف مزید تحقیقات کی ضرورت نہیں۔ اس لیے انہیں بلوچستان لیویز فورس ایکٹ 2010 کی شق 12 کے تحت برطرف کیا جاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ’نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے سمگلنگ میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مختلف افسران کے خلاف تحقیقات شروع کر رکھی تھی جس میں لیویز رسالدار سماعیل خالق کے خلاف بڑے پیمانے پر کرپشن اور سرحد پر ایرانی تیل کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے شواہد ملے۔
انہوں نے بتایا کہ لیویز رسالدار کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا اور تین دن کی مہلت دی گئی مگر اس نے اپنے حق میں کوئی صفائی پیش کی اور نہ نوٹس کا جواب دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم بیرون ملک موجود ہیں انہیں واپس لانے اور ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور غیرقانونی سرگرمیوں ملوث ہونے پر قانونی کارروائی کے لیے وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، کسٹم، پولیس، لیویز اور محکمہ ریونیو کے مزید افسران اور اہلکاروں کے خلاف سمگلنگ اور غیرقانونی سرگرمیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button