پنجاب پولیس کے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے سائلین کے مسائل کی داد رسی کے لیے اقدامات جاری
رواں سال اب تک 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصولہ 96 فیصد سے زائد شکایات کو حل کر لیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا 1787 کمپلینٹ سنٹر سائلین کے مسائل کی داد رسی کے لیے مصروف عمل ہے اور رواں سال اب تک 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصولہ 96 فیصد سے زائد شکایات کو حل کر لیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف اختیارات سے تجاوز، ناقص تفتیش و دیگر خلاف ورزیوں کی 01 لاکھ 32 ہزار شکایات حل کی گئیں۔ مقدمات کے اندراج کی 56 ہزار سے زائد، سست تفتیش کی 39 ہزار سے زائد شکایات حل کی گئیں، پولیس سروسز سے متعلق 06 ہزار، محکمانہ معاملات سے متعلق 11سو سے زائد شکایات حل کی گئیں، ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 15ہزار سے زائد، ناقص تفتیش کی 08 ہزار سے زائد شکایات حل کی گئیں۔ اسی طرح جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 03 ہزار 05 سو، تبدیلی تفتیش سے متعلق 02 ہزار سے زائد شکایات حل کی گئیں جبکہ 1787 پر داد رسی کے ذریعے 13سو سے زائد اغوا کاروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سائلین پولیس اہلکاروں خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں 1787 کمپلینٹ سنٹر پر بلا جھجھک رابطہ کریں، شہریوں کی جانب سے موصول شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 1787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی زیادہ موثر بنانے کیلئے مانیٹرنگ مزید فعال کی گئی ہے اور ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصولہ شکایات کے فوری ازالے کے لئے معاملات کی خود مانیٹرنگ یقینی بنا رہے ہیں۔