سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا لاہور کی نجی یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب۔
تعلیم، تحقیق اور ہنر کی بنیاد پر ہی قوموں کی ترقی ممکن ہے،نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ ملکی ترقی اور معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے لاہور کی نجی یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور نجی یونیورسٹی کو ملک کے تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام رکھنے والا ادارہ قرار دیا۔اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ ملکی ترقی اور معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے طلبہ کو نصیحت کی کہ عملی زندگی کی مشکلات کا سامنا ہمت اور حوصلے سے کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری بیٹیاں ہر میدان میں کامیاب ہو رہی ہیں۔ یہ کامیاب بیٹیاں ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ ہمارا معاشرہ مثبت تبدیلی کی جانب گامزن ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپنے خطاب میں حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں تعلیمی میدان میں ہونے والی انقلابی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب معیاری تعلیم کی فراہمی، وظائف کی تقسیم، اور ووکیشنل ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو تحقیق اور جدت کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے والدین کی محنت کو بھی سراہا اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو مثبت اور منفی اثرات میں فرق کرنے کی تربیت دیں۔ مزید یہ کہ یونیورسٹیوں کو گریجویٹ پروگرامز کے ساتھ جدید زبانوں اور چینی زبان کے کورسز متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب کے اختتام پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد تقسیم کیں اور ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور ہنر کی بنیاد پر ہی قوموں کی ترقی ممکن ہے، اور حکومتِ پنجاب اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔