اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لائیو:پاکستان کی اہم ترین خبریں

Trend#

استعفے سے متعلق خبریں غلط، بھاگ کر کہیں نہیں جائیں گے، جسٹس منصور علی شاہ

   
سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے استعفے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بھاگ کر کہیں نہیں جائیں گے۔‘
سنیچر کو اسلام آباد میں بچوں کے انصاف سے متعلق ایک تقریب کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ استعفے سے متعلق خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں۔
انہوں نے صحافی کے ایک سوال پر کہا کہ ’پتہ نہیں آپ کو یہ فکر کہاں سے لاحق ہوئی، یہ سب قیاس آرائیاں ہیں۔ بھاگ کر کہیں نہیں جائیں گے۔‘
جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو جاری رکھیں گے اور نظام کو بہتر بنانے کے لیے اپنے اختیارات کا استعمال کریں گے۔ ابھی ایک کانفرنس میں شرکت کے بعد دوسری میں جا رہا ہوں، جو کام کر سکتا ہوں وہ کرتا رہوں گا۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بچوں کے حقوق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچے نہ صرف ہمارا مستقبل ہیں بلکہ ہمارا حال بھی ہیں۔ یہ اللہ کا تحفہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے نے ماتحت عدلیہ کے ججوں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے لیے انصاف کی اہمیت کو سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے مقدمات سے معاشرے میں بہتری آتی ہے اور عدالت ہمیشہ ایسے معاملات کو سننے کے لیے تیار ہے۔

جی ایچ کیو حملہ کیس: علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے 25 رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے 25 رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
عدالت نے سی پی او راولپنڈی کو تمام ملزمان کو 10 دسمبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ملزمان میں علی امین گنڈاپور، کنول شوزب ، میجر طاہر صادق، عظیم اللہ شامل ہیں۔
ان کے علاوہ ملزمان میں مخدوم زین قریشی، شبلی فراز، فہد مسعود، راشد حفیظ، عمر تنویر بٹ، شہریار آفریدی، زوہیب علی آفریدی، تیمور مسعود و دیگر شامل ہیں۔

رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر راناثنا اللہ کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاون گوجرانوالہ کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ہوئے ہیں۔
مقدمے میں پہلے ہی سابق وزیرخرم دستگیر، سٹی صدرسلمان خالد، ایم پی اے عمران خالد بٹ بری ہوچکے ہیں۔
پولیس نے 173کی رپورٹ جمع کروائی جس میں رانا ثنا اللہ کو بے گناہ قرار دیا تھا، جبکہ عدالت نے رپورٹ مستر دکردی، پولیس نے چالان بھی تاخیر سے جمع کروایا تھا۔
عدالت نے مقامی پولیس کو 12 دسمبر راناثنا اللہ کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کاحکم دیا۔ راناثنا اللہ پر گاڑی شہریوں پہ چڑھانے کا الزام ہے۔

آئی ایم ایف سے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے کی کوئی بات نہیں ہو رہی: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔ کومت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی بتدریج کم ہو رہی ہے۔‘

سنیچر کو کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ’حکومت کی مفید پالیسیوں کی وجہ سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، دھرنوں سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہے، پرائیوٹ سیکٹر کا معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ہے۔ پرائیوٹ سیکٹر کے اداروں کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔‘

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام ملٹی نیشنل کمپنیاں ملک میں بہتر زرمبادلہ کما رہی ہیں۔ میڈ ان پاکستان پروڈکٹس کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہوگا۔ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔‘


اسلام آباد میں گولی چلے تو ذمہ داری حکومت کی ہے: شاہد خاقان عباسی

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا  ہے کہ موجودہ حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگایا ہوا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے سنیچر کو اسلام آباد میں عوام پاکستان پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’موجودہ نظام ملک کو بہتری کہ طرف نہیں لے کر جا سکتا۔ انتشار کی سیاست سے ملک ترقی نہیں کرتے۔ اس ملک میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ملک کا وزیراعظم اور وزیرخزانہ سٹاک مارکیٹ کہ تیزی کو کامیابی قرار دیتے ہیں۔ عام آدمی کو سٹاک مارکیٹ کے بڑھنے سے کیا فائدہ ہوا۔ نوجوان ملک سے باہر جا رہے ہیں، کسی کو کوئی پروا نہیں۔‘

شاہد خاقان عباسی نے 24 نومبر کے پی ٹی آئی احتجاج کے بعد کے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام آباد میں گولی چلے تو ذمہ داری حکومت کی ہے۔ عوام کو تحفظ سویلین حکومت دیتی ہے ملٹری نہیں۔ بغیر اشتعال کے گولی چلے یہ بہت بڑی ناکامی ہے۔ حکومت عوام سے معافی مانگے اور اس تمام معاملات پر کمیشن بننا چاہیے۔‘

اس موقعے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں 40 فیصد شہری غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔ اس حکومت نے اپنا پورا سال ضائع کر دیا ہے۔ حکومت کا کارنامہ یہی ہے ہر چیر مہنگی کر کے عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہے۔‘


موبائل نمبر کے ذریعے وی پی این رجسٹریشن کی سہولت

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل نمبر کے ذریعے وی پی این رجسٹریشن کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹک آئی پی نہ رکھنے والے فری لانسرز سہولت سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔

فری لانسرز وی پی این رجسٹریشن کے لیے اپنے موبائل اپنے موبائل نمبر رجسٹرڈ کروا سکیں گے اور اپنے موبائل ڈیٹا پر وی پی این استعمال کرسکیں گے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن کا عمل آئی ٹی کی ترویج کے لیے کیا گیا ہے۔‘

پی ٹی اے کے مطابق اب تک 31 ہزار سے زائد وی پی اینز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔ ’یہ عمل پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کیا ہے۔‘


تحریک انصاف کی قیادت 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی ذمہ دار: جے آئی ٹی رپورٹ

لاہور میں نو مئی 2023 کے دن ہونے والے پُرتشدد واقعات کی تفتیش کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی رپورٹ مکمل کر لی ہے۔

سنیچر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کے مختلف مقدمات کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی جس میں تمام ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔

سرکاری اسغاثہ کی جانب سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے کو آگے بڑھایا جائے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں تحریک انصاف کی قیادت کو نو مئی کے پُرتشدد واقعات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

نو مئی کے مقدمات کے لیے پنجاب حکومت نے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم بنائی تھی جو کور کمانڈر ہاؤس پر حملے، کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے اور مسلم لیگ ن کے دفتر کو نذرِآتش کرنے کے واقعات کی تفتیش کر رہی تھی۔

جن ملزمان کو قصور وار ٹھہرایا گیا ان میں اسد عمر، حافظ فرحت، اعظم سواتی، جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ شامل ہیں۔

ان رہنماؤں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں۔ تفتیشی ٹیم نے ان ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ان کی عبوری ضمانتیں مسترد کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے ملزمان کے وکلا کو دلائل کے لیے 14 جنوری تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


پابندی ختم ہونے کے بعد پی آئی اے کی یورپ کے لیے پہلی پرواز 10 جنوری کو

یورپی رُوٹس پر پابندی کے خاتمے کے بعد پی آئی اے کی یورپ کے لیے پہلی پرواز 10 جنوری 2025 کو اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگی۔

ترجمان پی ٓئی اے کے مطابق  ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جن کو بتدریج بڑھایا جائے گا۔ پروازیں جمعہ اور اتوار کے دن آپریٹ کی جائیں گی۔

اسلام آباد سے پرواز صبح 11 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی اور سہہ پہر 4 بجے پیرس پہنچے گی۔

پیرس سے پرواز شام 6 بجے روانہ ہوگی اور صبح 5 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔

پی آئی اے کی جانب سے یورپی رُوٹس پر پروازوں کی بحالی کی حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کے تحت ابتدائی فلائٹس میں پاکستان سے پیرس کے لیے براہ راست پرواز اُڑان بھرے گی۔

بعد ازاں  یورپ کے دیگر شہروں اوسلو، میلان، بارسلونا اور پھر برطانیہ میں فلائٹس بحال ہونے کی صورت میں لندن اور مانچسٹر کی پروازیں بھی بحال ہوں گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button