پاکستان

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل نے محتسب کے آرڈرز کوپھر ہوا میں اڑا دیا

محتسب پنجاب نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کو 6سال سے بند رضویہ روڈ پر45دنوں کے اندر نئی سیوریج پائپ لائن بچھانے کا حکم دیا تھا،محتسب پنجاب نے سڑک کی ہر ہفتے صفائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے 45روز میں کچھ بھی نہ کیا،درخواست گذار اوراہل علاقہ نے محتسب پنجاب کی حکم عدولی پر کاروائی کیلئے محتسب پنجاب کو درخواست دے دی

لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل شیخوپورہ نے 6سال سے سیوریج کی وجہ سے بند محمود کالونی تحصیل فیروزوالا ضلع شیخوپورہ کی مرکزی سڑک رضویہ روڈ کو کھولنے،صفائی کرکے قابل استعمال بنانے اور دوبارہ سیوریج پائپ لائن بچھانے سے متعلق محتسب پنجاب کے دوسرے حکم کو بھی ہوا میں اڑا دیا اور محتسب پنجاب کی جانب سے دی گئی مقررہ مدت کے بعد بھی کچھ نہیں کیا جس کے بعد درخواست گذار نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ، چیف افسر ضلع کونسل اور متعلقہ سٹاف کے خلاف محتسب پنجاب کی حکم عدولی پر کاروائی کیلئے محتسب پنجاب کو درخواست دے دی۔


تفصیلات کے مطابق امامیہ کالونی سے متصل محمود کالونی تحصیل فیروز والا کا مرکزی رضویہ روڈ گذشتہ 6سال سے سیوریج پائپ لائن بند ہونے کی وجہ سے نالے کامنظر پیش کر رہا ہے جبکہ سیوریج کی صفائی کیلئے درجنوں مرتبہ وزیر بلدیات، ڈپٹی کمشنرشیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل شیخوپورہ کو درخواستیں دی جاچکی ہیں۔مذکورہ علاقہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اورپارلیمانی سیکریٹری پیراشرف رسول کا حلقہ انتخاب بھی ہے اوردونوں راہنما کئی کئی بار اس حلقے سے منتخب ہو چکے ہیں لیکن کسی نے درخواستوں کے باوجود آج تک اس طرف توجہ نہیں دی۔ضلع کونسل شیخوپورہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شیخوپورہ کے افسران سیوریج کی صفائی کے نام پر متعدد بار لاکھوں روپے کے فنڈز بھی ہڑپ کر چکے ہیں۔مقامی افراد نے 2022میں محتسب پنجاب کو مسئلے کے حل کیلئے درخواست دی۔ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ عبداللہ اور سب انجینئر رانا ارسلان کی تحریری یقین دہانی پر محتسب پنجاب نے سیوریج کی فوری صفائی اورنئی سیوریج لائن اورسڑک کی تعمیرکا حکم دیا لیکن ضلع کونسل شیخوپورہ کے افسران نے محتسب پنجاب کے احکامات کوردی کی ٹوکری میں ڈال دیا اورکوئیکاروائی نہ کی۔ جس کے بعد مقامی افراد نے2024میں محتسب پنجاب سے دوبارہ رجوع کیا اورمحتسب پنجاب سے ان کے احکامات کی خلاف ورزی پر ضلع کونسل کے افسران کے خلاف کاروائی کی درخواست کی۔ ایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ راناشاہد نے محتسب پنجاب سے خلاف ورزی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے ہر صورت محتسب پنجاب کے احکامات پر عمل کرنے کی تحریری ضمانت دی جس کے بعد محتسب پنجاب نے ضلع کونسل شیخوپورہ کے افسران کو ایک موقع اور دیتے ہوئے15اکتوبر2024کو ڈپٹی کمشنر وایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل شیخوپورہ،چیف افسر شیخوپورہ اورایکسئین ضلع کونسل شیخوپورہ کو 45دنوں کے اندر اندر نئی سیوریج پائپ لائن بچھانے،رضویہ روڈ کی از سر نو تعمیرومرمت کے ساتھ ساتھ سیوریج اورگندگی کو صاف کرکے سڑک کو قابل استعمال بنانے اور ہر ہفتے صفائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور چیف افسر ضلع کونسل نے محتسب پنجاب کے احکامات کوپھر ہوا میں اڑا دیا اورمحتسب پنجاب کی مقرر کردہ مدت کے بعد بھی ڈپٹی کمشنر اور چیف افسر نے نہ تو سڑک کی صفائی کرکے اسے قابل استعمال بنایا اور نہ ہی سیوریج پائپ لائن تبدیل کی۔درخواست گذار نے محتسب پنجاب کی حکم عدولی پرڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اورچیف افسر ضلع کونسل و دیگر سٹاف کے خلاف کاروائی کیلئے محتسب پنجاب کو درخواست دے دی ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button