نیب لاہور میں سالانہ انسداد بدعنوانی ڈے کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام
صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ پاکستان میں 45 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نوجوان ہیں جبکہ پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف جہاد میں نوجوانوں کومشن کا حصہ بنانا انتہائی ضروری ہے
لاہور: نیب لاہور میں سالانہ انسداد بدعنوانی ڈے کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پلڈاٹ، احمد بلال محبوب ، ڈین نیشنل سکول آف پبلک پالیسی محمد جمیل آفاقی اور ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے مہمان خصوصی کے طور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ پاکستان میں 45 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نوجوان ہیں جبکہ پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف جہاد میں نوجوانوں کومشن کا حصہ بنانا انتہائی ضروری ہے۔ آج حقیقت یہ ہے کہ جب آپ احتساب کرتے ہیں توآپ کو مختلف رکاوٹوں کا سامناکرنا پڑتاہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 2 سالوں کےدوران نیب نے خود کوہر تنازع سے دور رکھا ہے جبکہ دو سال پہلے تک کم و بیش ہر طبقہ فکر سے نیب کو تنقید کا سامنا تھا۔ انہوں نے آج کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش بڑے چیلنجز میں انتہا پسندی کا چیلنج بہت اہم ہے جسکی وجہ ان سےرابطے کی کمی ہے۔
نیب کا آگاہی ونگ کالج و یونیورسٹی سطح پر تبادلہ خیال کرتا ہے لیکن اسے مزید آگے بڑھانا ہوگا۔
آج کل کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے اس سے بچنا ناممکن ہے جہاں اسکے منفی اثرات ہیں وہیں اسکے کچھ مثبت اثرات بھی ہیں۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ کے قیام پراخبارات میں باقاعدہ مہم چلائی گئی لیکن حیران کن بات یہ تھی کہ 80 فیصد نوجوانوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے بارے میں آگاہی سوشل میڈیا سے حاصل کی۔
احمد بلال محبوب نے نیب کو سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کی تلقین کی اور کہا نیب ایک قومی ادارہ ہے اس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں نیب کو نوجوانوں کے مسائل پر بھی توجہ دینا ہوگی نوجوانوں کو وسائل کی عدم فراہمی کی بڑی وجہ بدعنوانی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے کہا کہ نیب کی موجودہ قیادت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سرفہرست ماہانہ کھلی کچہریوں کا انعقاد ہے۔
2003 میں نیب نے UNCAC کے روبرو رپورٹ پیش کی کہ ملک میں کرپشن کیخلاف اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ 2003 کے کنوینشن میں معاہدہ کیا گیا ہے کہ کرپٹ عناصر کیخلاف تمام ممبر ممالک آپس میں معلومات شیئر کریں گے-
تقریب کے موضوع “بدعنوانی کیخلاف نوجوانوں کے ساتھ- روشن مستقبل کی تعمیر “ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ایک طرف معاشرے کی انتہا پسندی کا شکار بھی ہیں تو دوسری طرف میرٹ کی عدم فراہمی نے بھی انہیں متاثر کیا ہے۔ اس سال چیئرمین نیب نے یوتھ کو انسدادبدعنوانی مہم کا حصہ بنانے کی تلقین کی ہے جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نیب لاہور نے سکول، کالجر و یونیورسٹی کی سطح پر اس سال 6000 کردار سازی کی تنظیمیں تشکیل دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کیے جارہے بدقسمتی سے کرپشن کو ہمارے معاشرے نے تسلیم کرلیا ہے۔ ملک میں انتہا پسندی، شدت پسندی روزافزوں بڑھ رہی ہے جسکی اہم وجہ جب نوجونواں کو میرٹ پر تسلیم نہیں کیا جائیے گا تو پھر شدت پسندی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا ہماری ٹیمیں سکول کالجز اور یونیوسٹیوں میں اگاہی سیمنار منعقد کروا رہی ہے
ہم نوجوانوں کو ساتھ شامل کریں گے اور بد عنوانی کے خاتمے کے لیے کام کریں گے کرپشن کو ختم کرنے کے لیے نہ صرف ادارے بلکے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے جمیل احمد آفاقی نے کہا کہ نیب کا مشن ملک کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہے کرپشن کا مکمل خاتمہ کرنا قدرے ناممکن ہے لیکن اصلاحی اقدامات سے کرپشن کو کنٹرول ضرور کیا جا سکتا ہے۔ بیرون ممالک میں اکائنٹیبلٹی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد عام عوام میں گھلتے ملتے نہیں بلکہ اپنی ایک الگ شناخت قائم رکھتے ہیں۔
تقریب کے دوران مختلف مقابلہ جات میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو سرٹیفکیٹ اور کیش انعامات سے نوازا گیا اسکے علاوہ سال 2024 کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو میرٹ سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔
نیب لاہور ہیڈکوارٹر ونگ سے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد احمد، کمپلینٹ سیل سے ڈپٹی ڈائریکٹر قدسیہ فردوس، انویسٹی گیشن ونگ ون سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئوف عالم، انویسٹی گیشن ونگ ٹو سے ڈپٹی ڈائریکٹر زیشان علی اور انویسٹی گیشن ونگ تھری سے ڈپٹی ڈائریکٹر رب نواز رانجھا نے سال کے بہترین آفیسر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
انسداد بدعنوانی ڈے کی تقریب پر کرپشن کیخلاف آگاہی کیلئے ڈی جی نیب لاہور، تمام مہمان خصوصی، نیب افسران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے اویئرنیس واک میں حصہ لیا جس میں طلباء و طالبات نے کرپشن کیخلاف نعروں پر مبنی پوسٹر تھام رکھے تھے۔
تقریب کے اختتام پر ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے طلباء و طالبات کیساتھ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوائی۔