فیفا ورلڈ کپ دو ہزار چونتیس کی میزبانی باعث فخر، سعوی عرب
گزشتہ سال سعودی عرب نے واحد امیدوار کے طور پر فیفا کے حکام کو اپنی نامزدگی سے آگاہ کر دیا تھا
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے فیصلہ کیا ہے کہ 2034ء کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی خلیجی ریاست سعودی عرب کرے گی۔ اس فیصلے کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض میں آج جمعرات کے روز بھی خوشیان منائی جا رہی ہیں۔
فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشنز (فیفا) کی طرف سے بدھ گیارہ دسمبر کو کیے گئے اس اعلان کے بعد کہ 2034ء کے فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا میزبان سعودی عرب ہوگا، ریاض کی فضا شاندار گولڈن ورلڈ کپ ٹرافی کی تصویر کشی کرنے والی آتش بازی اور ڈرونز سے چمک اٹھی اور آسمان پر اس ٹرافی کی شکل کی رنگ برنگی روشنی جگمگانے لگی۔
یہ خبر گرچہ شاید ہی کسی کے لیے کسی بڑی حیرانی کا باعث رہی ہو گی کیونکہ گزشتہ سال سعودی عرب نے واحد امیدوار کے طور پر فیفا کے حکام کو اپنی نامزدگی سے آگاہ کر دیا تھا۔ اب اس میزبانی کے باقاعدہ فیصلے کی صورت میں اعلان پر سعودی حکام نے جشن مناتے ہوئے اسے اپنے ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا ہے۔