مشرق وسطیٰ

ہم دہشتگردوں کو عراق پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، بغداد میں تعینات ایرانی سفیر

بغداد الیوم سے اپنی ایک گفتگو میں محمد کاظم آلصادق کا کہنا تھا کہ اگر دہشتگرد، عراق کے شہروں میں گُھس کر وہاں کی سلامتی سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم پر عراق اور وہاں موجود مقدس مقامات کا دفاع واجب ہے۔

(وائس آف جرمنی): بغداد میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر "محمد کاظم آل صادق” نے کہا کہ ایک بہت بڑی عسکری قوت کے ہوتے ہوئے عراق میں کسی افراتفری کا امکان نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار "بغداد الیوم” ویب نیوز سے اُس وقت کیا جب میڈیا میں عراق پر کسی بڑے دہشت گرد حملے کے خطرے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کسی بھی چیلنجز کے پیدا ہونے پر عراق کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے پاس ایسے بہت سے سیکورٹی اور فوجی یونٹس ہیں جو انتہائی خطرناک اور مسل٘ح دہشت گردوں کا مقابلے کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فوج، الحشد الشعبی اور انسداد دہشت گردی یونٹ کے ہوتے ہوئے عراق کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ دہشت گرد، عراق کو نقصان پہنچائیں۔
محمد کاظم آل صادق نے کہا کہ اگر ایسی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو ہم عراقیوں کے شانہ بشانہ دشمن سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس پہلے بھی اپنے باضابطہ بیانات میں عراق کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کی ضرورت پر زور دے چکا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گرد، عراق کے شہروں میں گُھس کر وہاں کی سلامتی سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم پر عراق اور وہاں موجود مقدس مقامات کا دفاع واجب ہے۔ یاد رہے کہ شام کی صورت حال اور اس ملک کے مختلف علاقوں سے باغیوں کی پیش قدمی کے نتیجہ میں سقوطِ دمشق کے بعد عراق نے شام سے ملحقہ اپنی سرحدوں پر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ تاکہ ملک میں دہشت گردوں کی کسی بھی ممکنہ دراندازی پر بروقت کارروائی کی جا سکے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button