آج بھی اے پی ایس شہداء کیلئے سلگتا، ان کی یاد میں بہائے آنسوئوں سے وضو کرتا ہوں۔ وزیر تعلیم
ہم قلم اور کتاب سے بندوقوں کا مقابلہ کرنے والی نسل تیار کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ سانحہ آرمی پبلک سکول باور کرواتا ہے کہ دشمن ہماری نسلوں سے بھی خوفزدہ ہے۔ وزیر تعلیم
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سانحہ اے پی ایس کے شہید بچوں اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج بھی اے پی ایس شہداء کیلئے سلگتا ہوں اور ان کی یاد میں بہائے آنسوئوں سے وضو کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس باور کرواتا ہے کہ دشمن ہماری نسلوں سے بھی خوفزدہ ہے۔ دہشت گرد ہماری ہمت، تعلیم اور حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکتے۔ ہم قلم اور کتاب کے ذریعے بندوقوں کا مقابلہ کرنے والی نسل تیار کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کی چوٹ ایک نہ بھرنے والا زخم ہے ہے جس کا غم آج بھی تازہ اور دلوں میں کسک ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کی چیخیں اور ماؤں کی دلدوز صدائیں، ہم نہیں بھول سکتے۔ ان بچوں کی معصوم مسکراہٹیں ہماری یادوں کا حصہ ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ شہداء کا خون زمین میں جذب ہو کر درخت نہیں، عزم اگاتا ہے اور ہر پھل میں تعلیم، ہر پتّے پر امن لکھتا ہے۔ اسی جذبے اور عزم کے تحت ھم علم کی روشنی سے ظلم کے اندھیرے مٹائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمنوں کے ہر وار کا جواب اپنے بچوں کو تعلیم اور امن کا تحفہ دے کر دیں گے، یہی اے پی ایس کے شہداء کی قربانیوں کا پیغام ہے۔