(سید عاطف ندیم.پاکستان)وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف مذموم سازشیں ناکام بنائیں گے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتانہیں ہوگا۔وزیر اعظم نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر دفاعی پابندیوں کو بلا جواز قرار دیتےہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام جارحانہ نہیں ہے، یہ 100 فیصد پاکستان کے دفاع اور ڈیٹرنس کے لئے ہے۔ پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ نے اس حوالے سے جامع اور مربوط جواب دیا ہے لیکن یہ بات طے ہے کہ یہ پروگرام 24 کروڑ عوام کا ہے اور ہمیں ہر چیز سے بڑھ کر عزیز ہے۔ اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، پوری قوم اس پر یکسو اور متحد ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا، چند روز قبل خوارج کے حملے میں 17 جوان شہید ہوئے۔ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرائی۔