پاکستان: شندور جھیل پر پہلی بار سردیوں کے موسم میں کھیلوں کا میلہ سجایا گیا
خیبرپختونخوا کے ضلع اپر چترال میں بہار اور موسم گرما کے سیزن میں مختلف فیسٹولز کا انعقاد ہوتا ہے مگر پہلی بار سردیوں کے موسم میں کھیلوں کا میلہ سجایا گیا ہے۔
(سید عاطف ندیم.پاکستان)’شندور سنو سپورٹس چیلنج‘ لاسپور ہرچین کے مقام پر شروع ہوچکا ہے جس میں آئس ہاکی، کرلنگ اور سپیڈ سکیٹنگ کے کھیل پیش کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں چترال کے دیگرعلاقوں گبور گرم چشمہ، بونی، مدک لشٹ، پرواک، مستوج ، یارخون اور کیلاش سے کھلاڑی شریک ہیں۔
سنو سپورٹس چیلنج میں 40 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ دیگر شہروں کے کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔ خیبرپختونخوا ٹوارزم اتھارٹی کے مطابق آئس ہاکی کے فائنل مقابلے 28 دسمبر کو بلند ترین مقام شندور میں کھیلے جائیں گے جو سطح سمندر سے 12 ہزار 800 فٹ بلندی پر واقع ہے۔ خون جما دینے والی سردی میں جمی ہوئی جھیل کے اوپر ہاکی کے مقابلے ہوں گے۔
اپر چترال میں موسم سرما کےسیزن میں سنو سپورٹس کا یہ ایونٹ پہلی بار منعقد ہو رہا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
سعد بن اویس نے کہا کہ ’شندور میں ہر سال جولائی کے مہینے میں پولو کے مقابلے ہوتے ہیں مگر اس سال پہلی مرتبہ شندور کے مقام پر آئس ہاکی کے مقابلے ہوں گے۔ شندور میں سردی کی شدت بہت زیادہ ہے اسی لیے سیاح بھرپور تیاری کے ساتھ آئیں۔‘
واضح رہے کہ شندور آئس ہاکی کا میچ 28 دسمبر کو شندور کے مقام پر کھیلا جائے گا جسے دیکھنے کے لیے غیرملکی سیاحوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔