پاکستاناہم خبریں

پاکستان: نیب واحد قومی ادارہ ہے جو متاثرین کی لوٹی ہوئی جمع پونجی واپس دلوا رہا ہے، امجد مجید اولکھ

پرائم زون سکینڈل میں ملوث تمام ملزمان کو دوران تفتش گرفتار کرلیا گیاتھا تاہم بیرون ملک مفرور مرکزی ملزم عمران کی واپسی کیلئے انٹرپول کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں

(سید عاطف ندیم.پاکستان)ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے نیب لاہور میں ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں متاثرین کی بڑی تعداد نے اپنی شکایات پر فوری کارروائی کیلئے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں پرائم زون اسکینڈل، فاریو ریئل ٹریڈرز سکینڈل، ڈبل شاہ سکینڈل کے متاثرین کے علاوہ ہائوسنگ سیکٹر میں ایلیٹ ٹائون، سادات کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی، زیتون سٹی اور فہد ٹائون مناواں کے متاثرین نے دادرسی کیلئے شرکت کی۔
اس موقع پر پرائم زون اسکینڈل کے متاثرین کو کیس میں اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ مذکورہ کیس کی میرٹ پر تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور ملزمان کیخلاف کرپشن ریفرنس حتمی منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو ارسال کردیاگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائم زون سکینڈل میں ملوث تمام ملزمان کو دوران تفتش گرفتار کرلیا گیاتھا تاہم بیرون ملک مفرور مرکزی ملزم عمران کی واپسی کیلئے انٹرپول کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ دوران تحقیقات ملزمان کیخلاف 85 کروڑ کی لوٹ مار کے شواہد اکھٹے کئے گئے اور ملزمان کی پاکستان میں موجود تمام جائیدادیں بھی منجمد کردی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے فار یو ریئل ٹریڈرز (ForU Real Traders) انتظامیہ کیخلاف شکایت گزاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کیس میں تاحال 1 ارب 60 کروڑ مالیت کے 2300 کلیمز نیب لاہور کو موصول ہوچکے ہیں جبکہ چیئرمین نیب کی ہدایات کیمطابق تمام متاثرین کو معلومات تک فوری رسائی کیلئے واٹس ایپ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فار یو ریئل اسٹیٹ انتظامیہ کا پاکستان میں کسی قسم کا کوئی کاروبار موجود نہیں تھا ملزمان متاثرین کی انویسٹمنٹ سے ہی رقوم بطور منافع متاثرین کو واپس تقسیم کرتے رہے اور فراڈ کے مرتکب ٹھہرے۔
ایلیٹ ٹائون سوسائٹی کیخلاف شکایت گزاروں سے انہوں نے کہا کہ مرکزی ملزم کاشف کو1400 متاثرین سے 1 ارب 40 کروڑ کی کرپشن کے الزامات پر نیب لاہور نے گرفتار کیاتھا اگرچہ نیب کیجانب سے سوسائٹی انتظامیہ کے 2 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات منجمد کئے گئے ہیں۔ کھلی کچہری میں ڈی کی نیب لاہور نے اگلے دو تین ماہ تک ایلیٹ ٹائون سکینڈل میں اہم پیش رفت متوقع ہونیکی نوید سنادی جس سے متاثرین کے مکمل نقصانات کا ازالہ ممکن ہوسکے گا۔
سادات کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے شکایت گزار کی درخواست پر ڈی جی نیب نے مذکورہ کیس کی تحقیقات میں مزید تیزی لانے اور پیش رفت سے فوری آگاہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سادات کووآپریٹو انتظامیہ کیخلاف مبینہ طور پر 100 سے زائد پلاٹوں کی خرد برد کے الزام پر تحقیقات جاری ہیں جنہیں جلد مکمل کرلیاجائے گا۔
کھلی کچہری میں زیتون سٹی لاہور کی انتظامیہ سے ری فنڈ کے خواہشمند درخواست گزار کو ڈی جی نیب لاہور نے فوری ری فنڈ کروانے کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔
ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے ڈبل شاہ سکینڈل کی شکار بیوہ درخواست گزار کا کلیم دوبارہ ویری فکیشن کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔
متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ رواں سال 2024 کے دوران 16 ارب سے زائد کی ریکوری ممکن بنائی گئی ہے اور 18 ہزار سے زائد متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا گیا ہے جبکہ کھلی کچہریوں میں شرکت کرنے والے تمام متاثرین کی شکایات پر فوری نوٹس بھی لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان کا واحد قومی ادارہ ہے جو دھوکہ دہی اور لوٹ مار کے کیسز میں عوام کو ریلیف دلوا رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
متاثرین نے ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نیب ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں بطور ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) ٹرانسفر پر نیک خواہشات کا اظہار کیاتاہم ڈی جی نیب کیجانب سے نیب ہیڈکوارٹرز میں رہتے ہوئے تمام متاثرین کو جلد از جلد ریلیف دلوانے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کروائی گئی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button