
پاکستان: لاہور کینٹ میں واقع شہدا قبرستان میں غازیان ڈوگرئی کی یادگار پر سلامی
یہ یادگار 16 پنجاب رجمنٹ کے 106 شہیدوں کے نام پر تعمیر کی گئی کہ جنہوں نے 1965 کی جنگ میں ڈوگرئی کے مقام پر دفاع وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا
لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی):6 ستمبر یوم دفاع پاکستان وہ دن جب افواج پاکستان نے بہادری کی عظیم داستانیں رقم کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا اور یہ ثابت کیا کہ جنگیں اسلحے یا تعداد سے نہیں بلکہ جذبے اور ایمان سے لڑی جاتی ہیں.
لاہور کینٹ میں واقع شہدا قبرستان میں غازیان ڈوگرئی کی یادگار پر یوم دفاع کے موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اوریادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی.
یہ یادگار 16 پنجاب رجمنٹ کے 106 شہیدوں کے نام پر تعمیر کی گئی کہ جنہوں نے 1965 کی جنگ میں ڈوگرئی کے مقام پر دفاع وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا مگر بھارتی فوج کو ہر گز آگے نہ آنے دیا اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا. اس عظیم کارنامے کی بنا پر اس پلٹن کو محافظان لاہور اور غازیان ڈوگرئی کا خطاب ملا.
اس موقع پر 1965 اور 1971 کے غازیوں نے اپنے جنگی تجربات اور آنکھوں دیکھے مناظر کو یاد کیا.ان قومی ہیروز میں میجر جنرل ریٹائرڈ سکندر شامی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ شیر افگن اور میجر جنرل ریٹائرڈ غلام دستگیر شامل تھے.غازیوں نے اپنے شہید رفقا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور دفاع پاکستان کے لیے پاک فوج کے لازوال جذبے کو سراہا اور شوق شہادت کو پاک افواج کا طرہ ء امتیاز قرار دیا.