مشرق وسطیٰ

لاہور چیمبر میں وومن انٹرپنیور کارنر کا افتتاح

لاہور چیمبر نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کا خواہاں ہے اور اس کے لیے ہر ممکن کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خواتین جن کا تعلق کاٹیج انڈسٹری یاپھر گھریلوسطح پر کاروبار سے ہے ان کے پاس اس قدر وسائل نہیں ہیں کہ وہ اپنی مصنوعات کو فروخت یا مارکیٹنگ کی غرض سے ڈسپلے کرسکیں

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور لاہور کالج وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے وومن انٹرپنیور کارنرکا افتتاح کردیا جس کا مقصد کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کو آگے بڑھنے اور تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اور کنوینر وومن ایمپاورمنٹ اینڈ پرسنل ڈویلپمنٹ فریحہ یونس کے علاوہ شمیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وومن انٹرپنیورز کارنر کا تصور پیش کرنے پر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اور کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے وومن ایمپاورمنٹ اینڈ پرسنل ڈویلپمنٹ فریحہ یونس اور شمیم اختر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کا خواہاں ہے اور اس کے لیے ہر ممکن کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خواتین جن کا تعلق کاٹیج انڈسٹری یاپھر گھریلوسطح پر کاروبار سے ہے ان کے پاس اس قدر وسائل نہیں ہیں کہ وہ اپنی مصنوعات کو فروخت یا مارکیٹنگ کی غرض سے ڈسپلے کرسکیں، وہ اس ڈسپلے کارنر سے استفادہ حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ایک ہفتے کی مدت کے لیے ابتدائی طور پر بلامعاوضہ کاٹیج انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی خواتین کی تیار کردہ مصنوعات ڈسپلے سنٹر کا حصہ بنا دی ہیں ۔ انہوں نے حال ہی میں اپنا کاروبار شروع کرنے والی خواتین کو بھی دعوت دی کہ وہ اپنی مصنوعات اس ڈسپلے سنٹر میں رکھیں تاکہ ان کو مصنوعات کے خریدار تلاش کرنے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وومن انٹرپنیور کارنر کے قیام کے مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوششیں کرے گا۔ انہوں نے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے آئیڈیاز لاہور چیمبر کے ساتھ شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر دسمبر میں نمائش منعقد کررہا ہے جس میں کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کو سٹالز رعایتی نرخوں پر دیے جائیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button