انٹرٹینمینٹ

’ہاں، میں نے کیا‘، سیف علی خان پر حملہ کرنے والے شخص کا اعتراف جُرم

بالی وڈ اداکار سیف علی خان کو چاقو کے وار کر کے زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار مشتبہ شخص نے اقرار جرم کر لیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 30 سالہ بنگلہ دیشی شخص کو اتوار کے روز گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اس نے پولیس کو بیان میں کہا ہے کہ ’ہاں، حملہ میں نے کیا ہے۔‘رپورٹس میں پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ محمد شریف الاسلام شہزاد کو ممبئی کے علاقے باندرا جہاں سیف علی خان کا گھر واقع ہے، سے تقریباً 35 کلومیٹر دور گرفتار کیا گیا۔
جمعرات کو ہونے والی اس واردات کے بعد سے پولیس تیزی سے ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے کے بعد جب ایک سینیئر اہلکار نے ملزم سے پوچھا کہ کیا اس نے سیف علی خان پر حملہ کیا تو اس نے کہا کہ ’ہاں، میں نے کیا ہے۔‘پولیس نے ایک لیبر کیمپ کے ٹھیکیدار کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا۔پولس کے مطابق اس کے ساتھ ہی 100 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کو بھیجا گیا اور سات گھنٹے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جھاڑیوں میں چھپا ہوا تھا، جس کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات ہو رہی ہیں۔اداکار سیف علی خان پر گھر میں گھس کر حملے نے ملک کی فلم انڈسٹری اور ممبئی کے رہائشیوں کو پریشان کر دیا ہے۔ شوبز شخصیات اور ممبئی کے رہائشی بہتر پولیسنگ اور سکیورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
فلم سٹار پر ہونے والے حملے میں ان کے ہاتھوں اور گردن پر گہرے زخم آئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔مشتبہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیدام نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے ’ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم بنگلہ دیشی شہری ہے اور انڈیا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے بعد اس نے اپنا نام بدل لیا تھا۔‘ممبئی کے مضافات سے گرفتار ہونے والے ملزم کا نام وجے داس بتایا جا رہا ہے لیکن دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس کا اصل نام محمد شریف الاسلام شہزاد ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ’مشتبہ بنگلہ دیشی چھ یا سات مہینے پہلے ممبئی آیا تھا اور ایک ہاؤس کیپنگ ایجنسی کے ساتھ کام کر رہا تھا۔‘ڈکشٹ گیدام کا کہنا ہے کہ ’ملزم سے مزید تفتیش کے لیے پولیس عدالت سے ان کا ریمانڈ لے گی۔‘
قبل ازیں جمعرات کی صبح 54 سالہ سیف علی خان کے گھر میں ایک شخص گُھس گیا تھا، جس نے مزاحمت پر سیف علی خان پر چاقو کے چھ وار کیے جس کے باعث اداکار کی ریڑھ کی ہڈی، گردن اور ہاتھوں پر زخم آئے۔
ممبئی پولیس نے گذشتہ روز جمعہ کو اس حملے کے سلسلے میں ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کیا تھا، جبکہ انڈین ریاست چھتیس گڑھ کی پولیس نے سنیچر کے روز ایک اور شخص کو حراست میں لیا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button