
(سید عاطف ندیم-پاکستان): اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوسرے روز اس ملک کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ فریقین نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت دوطرفہ تعاون سے متعلق تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں جنرل باقری نے اپنے پاکستان کے دورے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غزہ کے عوام کی حمایت میں صیہونی حکومت کے خلاف مضبوط اور ٹھوس موقف اپنایا جو کہ قابل تعریف ہے۔ جنرل باقری نے کہا کہ ہم جیش العدل کے دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کی حالیہ کارروائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم مذکورہ دہشت گروہ سے نمٹنے کے پاکستان کے مضبوط عزم سے آگاہ ہیں۔
اس ملاقات میں جنرل سید عاصم منیر نے بھی کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان علاقائی اتحاد اس وقت نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے خطے میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کو اس خطرے کا سامنا ہے، لہذا دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر ہونا چاہیے کیونکہ ہم ایران کے ساتھ سرحد پر مستحکم سیکیورٹی پر یقین رکھتے ہیں۔