
پاک ایران تعلقات کو تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی
ایران پاکستان کے ساتھ مختلف ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی رکن پارلیمنٹ محمد میرزائی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ایران کی پارلیمنٹ کے رکن محمد میرزائی کی قیادت میں وفد نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ایرانی پارلیمانی وفد میں علی اکبر علی زادہ بورمی، امیر حسین ثابتی مونفرد اور علی معروفی شامل تھے، جبکہ قونصل جنرل ایران لاہور مہران موحدفر، مسٹر حسینی اور علی اصغر مسعودی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی اور ثقافتی خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک ایران تاریخی تعلقات کو تجارتی تعلقات میں تبدیل کرنا باہمی ترقی کے لیے ضروری ہے۔اس موقع پر ایرانی رکن پارلیمنٹ محمد میرزائی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مختلف ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ محمد میرزائی نے سپیکر ملک محمد احمد خان کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی، جس کا سپیکر ملک محمد احمد خان نے خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں سپیکر ملک محمد احمد خان نے وفد کو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کا دورہ بھی کروایا۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر اسامہ خاور، ملک تیمور، سٹاف آفیسر عماد حسین بھلی اور ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔