
آزاد کشمیر کو اسلامی فلاحی ریاست کے حوالے سے رول ماڈل بنائیں گے، وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر مظہر سعید شاہ
دین کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے باہمی اختلاف کے بجائے ایک دوسرے کے پشتیبان بنیں
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ تعلیمی انقلاب برپا کرنے میں مدارس نے صف اول کا کردار ادا کیا،دینی ادارے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں، علمائے کرام اور اہل مدارس ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں جو اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں،طلباء اپنے اسلاف کی پیروی کرتے ہوئے انتہاپسندی سے دور رہیں،دین کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے باہمی اختلاف کے بجائے ایک دوسرے کے پشتیبان بنیں،07 ستمبر کو سرکاری طور پر یوم ختم نبوت منانے،نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف، مساجد کے بجلی بلوں کی معافی سمیت آزاد کشمیر حکومت نے تاریخ ساز اقدامات کئے،وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے جرأت مندانہ مؤقف اپنایا، وہ نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان کی بات کر رہے ہیں، پوری قوم ان کے ساتھ ہے ،آزاد کشمیر کو اسلامی فلاحی ریاست کے حوالے سے رول ماڈل بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد محمدی شہزاد ٹاؤن اسلام آباد میں علماء اور طلباء کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ادارے کے مدیر اور وفاق المدارس کے ترجمان مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا عبدالرؤف محمدی، مفتی حسیب احمد، مولانا قاری ندیم،مولانا اسد محمود،مولانا محمد فاروق، مولانا صلاح الدین اور دیگر بھی موجود تھے ،وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مدارس کے مثالی کردار کی سرکاری سطح پر پذیرائی بہت ضروری ہے، دینی درسگاہوں کے طلباء تعلیمی میدان میں عصری و سرکاری اداروں کے طلباء کو پیچھے چھوڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ محمدی مسجد اور ذیلی اداروں کا نظم و نسق انتہائی متاثر کن ہے ،مولانا عبدالقدوس محمدی جیسی شخصیات سے قومی سطح پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ علمی استعداد بڑھانے کے لئے اپنی تمامتر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور پھر اپنے اپنے ذوق کے مطابق دین کے تمام شعبوں میں خدمات سرانجام دیں،کوئی میدان بھی خالی نہ چھوڑیں، کسی دوسرے کی نفی یا حوصلہ شکنی مت کریں، ان کا کہنا تھا کہ اس وقت الحاد سمیت نئے نئے فتنے سر اٹھا رہے ہیں،دلیل اور منطق کے ساتھ ان فتنوں کا سر کچلنے کے لئے اہل علم کو میدان میں آنا ہو گا اور اس سیلاب کے آگے بند باندھنا ہو گا،اس موقع پر علمائے کرام اور دینی مدارس کے طلباء نے قومی منظر نامے پر اہل حق کی مؤثر آواز پیر مظہر سعید شاہ کے کردار اور خدمات کو خوب سراہا،دینی حلقوں کے دیرینہ مطالبات کو منوانے اور عملی اقدامات پر ان کی تعریف کی اور ان کی ہمہ جہت شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا۔