
نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان، مائیکل بریسویل کپتان
پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے کیوی سکواڈ میں بین سیئرز، اِش سوڈھی، کائل جیمیسن اور وِل رورک کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔اس سیریز میں نیوزی لینڈ کی کپتانی مائیکل بریسویل کریں گے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں رنرز اپ رہنے والی کیوی ٹیم کے سات کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔آئی پی ایل کنٹریکٹ کی وجہ سے ڈیوون کونوے، رچن رویندرا، مچل سینٹنر، گلین فلپس اور لوکی فرگوسن قومی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
اس سے قبل 2024 میں انہوں نے دورہ پاکستان کے لیے ٹیم کی قیادت کی تھی۔پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے کیوی سکواڈ میں بین سیئرز، اِش سوڈھی، کائل جیمیسن اور وِل رورک کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔چیمپئنز ٹرافی میں انجرڈ ہونے والے فاسٹ بولر میٹ ہینری بھی چوتھے اور پانچویں ٹی20 کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔کیوی سکواڈ میں فِن ایلن، جمی نیشم اور ٹِم سائفرٹ بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سپرسٹار کیوی بیٹر کین ولیمسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باعث سلیکشن کے لیے عدم دستیابی کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے لیے ٹی20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان)، فِن ایلن، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، زیکری فولکس (صرف چوتھے اور پانچویں ٹی20 کے لیے)، مچل ہے، میٹ ہینری (صرف چوتھے اور پانچویں ٹی20 کے لیے)، کائل جیمیسن (پہلے تین ٹی20 میچوں کے لیے)، ڈیرل مِچل، جمی نیشم، وِل او رُورک (پہلے تین میچوں کے لیے)، ٹِم روبنسن، بین سیئرز، ٹِم سائفرٹ اور اِش سوڈھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کا آغاز 16 مارچ سے ہوگا۔