
پاکستان پنجاب: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم
گزشتہ دو روز کے دوران پنجاب بھر میں 791 سرچ اینڈ سویپ آپریشن، 07 فرضی مشقیں کی گئیں، آئی جی پنجاب
(سید عاطف ندیم-پاکستان): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور فرضی مشقیں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران پنجاب بھر میں 791 سرچ اینڈ سویپ آپریشن اور 07 فرضی مشقیں کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سرچ آپریشنز کے دوران سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری و عادی مجرم اور مشتبہ افرادکو گرفتا ر کیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے 03 کلاشنکوف، 30 بندوقیں، 21 ہینڈ گنز اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمدکی گئی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے پنجاب پولیس کی فرضی مشقیں جاری رہیں گی۔فرضی مشقوں میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔