
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
رواں سال میں پتنگ بازی کے خلاف کارروائیوں کے دوران1872مقدمات درج،1931ملزمان گرفتار گرفتار ملزمان کے قبضہ سے37ہزار350 سے زائد پتنگیں اور1622چرخیاں برآمد
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف منظم کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس حوالے سے رواں سال میں پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران1872مقدمات درج کر کے1931ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے37ہزار350 سے زائد پتنگیں اور1622چرخیاں برآمدکی گئی ہیں۔ کینٹ ڈویژن میں پتنگ بازی کے434ملزمان، سول لائنز ڈویژن میں 165، سٹی ڈویژن میں 451، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 255، صدر ڈویژن میں 285اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 341ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سی سی پی اونے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کے خلاف منظم کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ سازوں اور ڈورمینوفیکچررزکے قلع قمع کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ ایک جان لیوا شوق ہے، والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکیں۔بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری نبھائیں اور پتنگ بازی کی اطلاع 15پر دیں تا کہ قانونی کارروئی کی جا سکے۔