
پیغام پاکستان، تحریک پاکستان کے ہیروز کا پیغام
23 مارچ ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کو قائداعظم کے نظریات کے مطابق ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خودمختار ملک بنائیں
(سید عاطف ندیم-پاکستان): 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جب مسلمانوں نے اپنی شناخت اور آزادی کے لیے ایک الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا،اس دن کی اہمیت ہمیں تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے مسلمانوں کے لیے ایک علیحٰدہ وطن کا خواب پورا کیا،23 مارچ ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کو قائداعظم کے نظریات کے مطابق ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خودمختار ملک بنائیں،یہ دن اس پیغام کا حامل ہے کہ پاکستان کی بنیاد قربانی، اتحاد اور ایمان پر رکھی گئی۔
سندھ سے تعلق رکھنے والی تحریک پاکستان کی مجاہدہ انجم وسیم اکرام نے پیغام پاکستان دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ہندو بھی مسلمانوں کے خلاف ہو چکے تھے اور ہر ممکن طریقے سے مسلمانوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی تھی، اسی تناظر میں علامہ اقبال نے سوچا کہ مسلمانوں کی بہتری کے لیے انہیں ایک الگ اور آزاد ملک دیا جائے، اُس وقت قائداعظم محمد علی جناح کی تحریک سے متاثر ہو کر بہت سے لوگ پاکستان کی آزادی کی جدوجہد میں شامل ہو گئے۔
انجم وسیم اکرام کا کہنا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں تمام مسلمان خلوصِ دل سے اس تحریک کا حصہ بنے اور قائداعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔