بین الاقوامی

افغان وزیر خارجہ سے امریکی وفد کی ملاقات—دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت

مولوی امیر خان متقی نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان اور امریکہ کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں تاکہ اعتماد کی فضا بحال ہو سکے

کابل. امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے آج امریکی صدر کے خصوصی نمائندے برائے قیدیوں اور سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد اور ان کے وفد نے ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے حکام نے افغانستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بہتری، قیدیوں کی رہائی اور افغان شہریوں کو امریکہ میں قونصلر خدمات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا.
افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی کابل آمد کو دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان متوازن خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات کی خواہاں ہے۔
مولوی امیر خان متقی نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان اور امریکہ کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں تاکہ اعتماد کی فضا بحال ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو گزشتہ 20 سال کی جنگ کے اثرات سے نکلنے اور مستقبل میں مثبت سیاسی و اقتصادی تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر کے خصوصی نمائندہ برائے قیدی امور ایڈم بوائلر نے قیدیوں کی رہائی پر پیش رفت کو اعتماد سازی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان میں سیکورٹی کی بہتری اور منشیات کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
ایڈم بوائلر نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مذاکرات پر زور دیا اور کہا کہ بات چیت کے ذریعے تعلقات کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور امریکہ کے تاریخی تعلقات رہے ہیں، جن میں بعض اوقات چیلنجز درپیش رہے، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ مستقبل کی طرف دیکھا جائے اور مثبت راہ اپنائی جائے۔
یہ ملاقات افغانستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بحالی اور باہمی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔ اگر مذاکرات کا یہ سلسلہ جاری رہا، تو مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون کے دروازے کھل سکتے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button