سائنس و ٹیکنالوجی

پاکستان، اسٹار لنک کو عارضی طور پر رجسٹر کر لیا گیا

اسٹار لنک کی رجسٹریشن کے لیے عارضی این او سی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تمام سکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی اتفاق رائے کے بعد جاری کیا گیا

ویب ڈیسک: اسٹار لنک امریکی ارب پتی بزنس مین ایلون مسک کی کمپنی ہے۔ پاکستانی وزیر کے مطابق اسے عارضی این او سی تمام سکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی اتفاق رائے کے بعد جاری کیا گیا۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ای پی پی کی ایک رپورٹ میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حکومت نے امریکی ارب پتی بزنس مین ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو ملک میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی شروع کرنے کے لیے عارضی این او سی (no-objection certificate) جاری کر دیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق شزہ فاطمہ نے کہا کہ اسٹار لنک کی رجسٹریشن کے لیے عارضی این او سی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تمام سکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی اتفاق رائے کے بعد جاری کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اسٹار لنک کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی اور لائسنسگ کی شرائط پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی۔
انہوں نے کہا، ”وزیر اعظم نے پاکستان میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جامع اصلاحات کی ہدایت کی ہے اور اسٹار لنک کی رجسٹریشن اس سفر میں ایک اہم قدم ہے۔‘‘ ان کے بقول ملک میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کی منظوری ایک ”سنگ میل‘‘ ہے اور اس طرح کی جدید ٹیکنالوجی ذریعے ملک میں ”کنیکٹوٹی‘‘ کو بہتر بنایا جا سکے گا۔
شزہ فاطمہ نے مزید بتایا کہ اسٹار لنک کی رجسٹریشن کے معاملے میں تمام متعلقہ حکومتی اداروں کے تعاون کے ساتھ کام کیا گیا۔ اس حوالے سے انہوں نے خاص طور پر سائبر کرائم اور سکیورٹی ایجسیوں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور اسپیس اتھارٹی کے اہم کردار کا ذکر کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹار لنک کی سروسز کے آغاز سے ملک میں ڈیجیٹل کنکٹیوٹی کے ایک نئے دور کی شروعات ہو گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button