
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ چیحکان کا دورہ، مغربی سرحد پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید منائی
آرمی چیف نے نماز عید ادا کی اور پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔پاک فوج کے جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی غیر متزلزل لگن اور قوم کی مثالی خدمت کے عزم کو سراہا۔
(سید عاطف ندیم-پاکستان):
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ چیحکان کا دورہ کیا اور مغربی سرحد پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید الفطر منائی۔ آرمی چیف نے نماز عید ادا کی اور پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی غیر متزلزل لگن اور قوم کی مثالی خدمت کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا عزم اور جذبہ نہ صرف ہمارے وطن کو محفوظ بناتاہے بلکہ پاکستان سے آپ کی گہری محبت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے ہمیشہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔