"ہر شہری لگائے اپنا درخت، ماحول کو بچانا سب کی ذمہ داری ہے” — مریم اورنگزیب
"درخت ہمارے ماحول کے پھیپھڑے ہیں، ان کے بغیر نہ اسموگ پر قابو پایا جا سکتا ہے اور نہ ہی موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے”
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست ویژن کے تحت صوبہ بھر میں شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے مون سون شجرکاری مہم 2025ء کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ لاہور کے کاہنہ کاچھا انٹرچینج پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و ماحولیات مریم اورنگزیب نے خود پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
تقریب کا اہتمام پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) نے کیا جس میں بچوں، مالیوں اور دیگر شہریوں نے بھی شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بھی درخت لگا کر اس مہم میں شمولیت کی۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "درخت ہمارے ماحول کے پھیپھڑے ہیں، ان کے بغیر نہ اسموگ پر قابو پایا جا سکتا ہے اور نہ ہی موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے”۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ماحولیات (EPA) کی جانب سے بھٹوں اور صنعتی علاقوں کے گرد 25 ہزار سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں جن میں پھل دار اور مقامی درختوں کی 17 اقسام شامل ہیں، جیسے املتاس، شہتوت، جامن اور انار۔
انہوں نے مزید بتایا کہ "لنگز آف لاہور” منصوبے کے تحت 65 ایکڑ اراضی پر شجرکاری مکمل ہو چکی ہے۔ ہر لگائے جانے والے پودے کی GPS میپنگ کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ اس کی افزائش یقینی بنائی جا سکے۔
مصنوعی ذہانت سے لیس فائر فورسٹ سسٹم
مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ اس سال پہلی مرتبہ جنگلات میں آگ سے بچاؤ کے لیے فائر فورسٹ سسٹم میں AI سنسرز نصب کیے جا رہے ہیں، جب کہ فارسٹ فورس بھی قائم کر دی گئی ہے جو جنگلات کی حفاظت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات نے دیہاڑی دار ورکرز کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کا آغاز کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
کاربن کریڈٹ اسکیم اور ای-بائیک سبسڈی
صوبائی وزیر نے عوام کو گرین کاربن کریڈٹ اسکیم کا تحفہ بھی دیا جس کے تحت ای-موٹر بائیک پر ایک لاکھ روپے تک کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو خبردار کیا کہ درخت لگانا ان کی ذمہ داری ہے، بصورت دیگر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ہر منصوبے کے بجٹ کا کم از کم ایک فیصد شجرکاری کے لیے مختص کیا جائے گا۔
پی ایچ اے کی خدمات اور عوامی شمولیت
مریم اورنگزیب نے پی ایچ اے، ڈی جی، مالیوں، صحافیوں اور بچوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی شمولیت اس مہم کی کامیابی کی ضامن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور رنگ روڈ پر اربن فارسٹ منصوبے کے تحت تین لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں، جب کہ آج کی تقریب میں تین ہزار سے زائد درخت پی ایچ اے کی جانب سے لگائے گئے۔
اسموگ سے نمٹنے کے لیے جدید اقدامات
انہوں نے بتایا کہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے صوبے میں 60 اے کیو آئی اسٹیشنز فعال کیے گئے ہیں، جبکہ بھٹوں کو زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سموگ کنٹرول کے لیے پہلی بار سموگ گنز متعارف کرائی گئی ہیں۔
پودوں کی ہوم ڈیلیوری سروس
عوامی سہولت کے لیے 1399 ہیلپ لائن کے ذریعے مفت پودے گھر پر منگوائے جا سکتے ہیں۔ یہ سروس وزیر اعلیٰ مریم نواز کا عوام کو ایک تحفہ ہے۔
آخر میں مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ مریم نواز کی ہدایت پر 10 اضلاع میں 19 واسا دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں اور پی ایچ اے کی خدمات کو صوبہ بھر میں توسیع دی جا رہی ہے تاکہ پنجاب کو سبز، صاف اور خوبصورت بنایا جا سکے۔