
"زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں”،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز
والدین کی اطاعت، خدمت اور عزت انسان کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے
سید عاطف ندیم وائس آف جرمنی
وزیر اعلیٰ پنجاب، محترمہ مریم نواز شریف نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں والدین کی عظمت، محبت، قربانی اور انمول رشتے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی بے لوث محبت ان کی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی اطاعت صرف مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایک مشرقی تہذیب اور خاندانی نظام کا بنیادی ستون بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ:”زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں۔ والدین ہی اولاد کی ہر کامیابی کی بنیاد رکھتے ہیں، ان کی دعاؤں، تربیت اور محبت نے ہی مجھے آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ میں آج جو کچھ بھی ہوں، وہ میرے والدین کی شفقت، رہنمائی اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی اطاعت، خدمت اور عزت انسان کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔ "والدین کے بغیر گھر صرف اینٹوں اور پتھروں کا ڈھانچہ رہ جاتا ہے، جبکہ والدین کی موجودگی سے وہی گھر جنت بن جاتا ہے۔”
مریم نواز نے کہا کہ وہ خود اپنے والدین کی خدمت کو باعثِ افتخار سمجھتی ہیں اور ہمیشہ ان کی دعاؤں اور مشوروں کو زندگی کا رہنما اصول بناتی ہیں۔ "والدین کی خدمت اور اطاعت کو میں ایک روحانی فرض اور اخلاقی ذمے داری سمجھتی ہوں۔ ہر شخص کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کی عزت کرے، ان کا خیال رکھے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔”
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں ان بچوں کا ذکر بھی کیا جن کے والدین ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا:”آج کے دن ہمیں ان بچوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جن کے سروں سے والدین کا سایہ اٹھ گیا ہے، خصوصاً وہ بچے جن کے والدین وطن عزیز کی سلامتی کی خاطر شہید ہوئے۔ میں ان والدین کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنے جگر گوشے اس مٹی پر قربان کیے۔ ان کی قربانیاں قوم کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔”
اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام بچوں پر ان کے والدین کا سایہ سلامت رکھے اور ہمیں ان کی خدمت کا سچا جذبہ عطا فرمائے۔
مریم نواز شریف کا یہ جذباتی اور محبت بھرا پیغام نہ صرف ایک اعلیٰ اخلاقی اور خاندانی روایت کو فروغ دیتا ہے بلکہ والدین کے تقدس اور احترام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا بھی باعث بنا ہے۔ ان کا پیغام ایک یاد دہانی ہے کہ والدین کا وجود دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے اور ان کی قدر زندگی میں ہی کرنی چاہیے۔