بین الاقوامی

اتنی بڑی تعداد میں ویزے جاری کرکے حکومت پاکستان نے ہمارا دل جیت لیا ہے ۔ جتھہ لیڈر رویندر سنگھ

وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد .صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے دیگر کے ہمراہ استقبال کیا

(سید عاطف ندیم-پاکستان): بھارت سے سکھ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد بذریعہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئی۔سکھ یاتری،وساکھی میلہ اور 326ویں خالصہ جنم دن کی مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے۔صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ان کے ہمراہ ایم پی اے بابا فیلبوس کرسٹوفر، پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان، اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور کاوشوں سے اس سال یاتریوں کی ریکارڈ تعداد پاکستان پہنچی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ کے اقدامات کے باعث صوبے میں ٹورازم میں 72 فیصد اضافہ ہوا ہے۔بھارت سے آنے والے یاتریوں کو بین الحکومتی معاہدے کے تحت 6751 ویزے جاری کیے گئے ہیں، اور ان کے لیے رہائش، میڈیکل، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، اور دیگر مقدس مقامات کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے تاکہ یاتری اپنی یاترا کو روحانی طور پر بھرپور طریقے سے مکمل کر سکیں۔یاتریوں کے لیے مخصوص شیڈول کے مطابق دو گروپ تشکیل دیے گئے ہیں:پہلا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوگا جبکہ دوسرا گروپ گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ کیا جائے گا تاہم دونوں گروپ 12 اپریل کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جبکہ 13 اپریل کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کے بعد وہ ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ
14 اپریل کو وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔15 اپریل کو پہلا گروپ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور اور دوسرا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب روانہ ہوگا۔17 اپریل کو دونوں گروپ لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں حاضری دیں گے، بعد ازاں وہ گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا بھی کریں گے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے امید ظاہر کی کہ سکھ یاتری پاکستان سے پرامن، محفوظ اور روحانی تجربات کے ساتھ حسین یادیں لے کر واپس روانہ ہوں گے۔ میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے جتھہ لیڈر رویندر سنگھ اور
دلجیت سنگھ سرنا نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اتنی بڑی تعداد میں ویزے جاری کر کے سکھ قوم کے دل جیت لیے ہیں۔۔ امرتسر ،ہریانہ ،اتر پر دیش،دہلی و دیگر 11 بھارتی ریاستوں سے یاتری پاکستان پہنچے ہیں۔پاکستان امن پسند ملک ہے جبکہ دنیا بھر کا سکھ پاکستان آنا چاہتا ہے کیونکہ
پاکستان میں بہت عزت اور احترام ملتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button