
(سید عاطف ندیم-پاکستان):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ اور ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط کیلئے تمام قانونی امور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی شرائط سے بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام ہو گی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اس فیصلے سے بین الاقوامی برادری کو مثبت پیغام جائے گا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے پاسپورٹ بلاک کئے جانے کی ہدایت پر 100 فیصد عملدرامد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے نئی نصب شدہ 6 ایم آر پی اور 2 ای پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مشینوں کی تنصیب کیلئے پاکستان آئی جرمن ٹیم سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی مشینوں سے پاسپورٹ آفس کی استعدادکار میں اضافہ ہوگا اور پاسپورٹ کا اجرا تیزی سے ممکن ہو گا۔ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفننگ دی۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے جلد موبائیل ایپ لانچ کی جائے گی۔