بین الاقوامی

ایران نے ردعمل دیا تو پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا: امریکی وزیر دفاع

گذشتہ رات صدر کی ہدایات پر آپریشن ’مڈ نائٹ ہیمر‘ لانچ کیا گیا، اس دوران تین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی دفاعی نظام ہمارے طیاروں کو نہیں دیکھ پایا

ایجنسیاں
امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا، ایران نے جواب دیا تو گذشتہ رات سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا، خطے میں امریکی مفادات کا تحفظ کریں گے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیا کہ ہم نے ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا ہے، اگر ایران نے ردعمل دیا تو گذشتہ رات سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار کہا ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، ایران نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔
وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ کارروائی کا مقصد ایران میں رجیم چینج نہیں تھا، فردو تنصیبات بنیادی ہدف تھیں اور مطلوبہ نتائج حاصل کر لیے ہیں۔
امریکی ایئر چیف نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ رات صدر کی ہدایات پر آپریشن ’مڈ نائٹ ہیمر‘ لانچ کیا گیا، اس دوران تین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی دفاعی نظام ہمارے طیاروں کو نہیں دیکھ پایا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کے دوران ایران میں دو مقامات پر 14 میسیو آرڈیننس بم استعمال کیے گئے، اور اصفہان تنصیبات پر دو درجن سے زائد ٹام ہاک میزائل داغے گئے۔
امریکی ایئر چیف نے کہا کہ آپریشن مڈنائٹ ہیمر میں 145 امریکی طیاروں کے علاوہ آبدوزوں نے بھی حصہ لیا، جبکہ ایران پر حملے میں سات بی ٹو بمبار طیارے بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی وقت کےمطابق دو بج کر40 منٹ پر فردو تنصیبات پر حملہ کیا گیا، حملے میں کمیونیکیشن کا کم سے کم استعمال کیا گیا، اسٹرائیک پیکیج کو مختلف کمانڈ سینٹرز کی مدد حاصل تھی۔
ایئر چیف نے کہا کہ ایران کے جوہری عزائم خاک میں مل چکے ہیں، اس کا براہ راست یا پراکسی کے ذریعے حملہ برا فیصلہ ہو گا، خطے میں امریکی اہلکاروں اور مفادات کی حفاظت کریں گے، اس وقت بھی متعدد امریکی طیارے فضا میں موجود ہیں۔
امریکی حکام نے کہا کہ ایران پر حملہ انتہائی خفیہ مشن تھا اور صرف چند لوگ اس بارے میں جانتے تھے، انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ امن چاہتے ہیں اور ایران کو اس راستے پر چلنا ہو گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button