
وزیراعظم شہباز شریف کا عزم: “جنگی فتوحات کے بعد معاشی میدان میں کامیابیاں ہمارا اگلا ہدف” — باغ میں دانش سکول کا سنگِ بنیاد
“امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کی فتوحات پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔ ہماری افواج نے بہترین کارکردگی دکھائی، بھارتی فوج چند ہی دنوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئی۔”
سید عاطف ندیم.پاکستان، وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی جنگی کامیابیوں کے بعد اب معاشی میدان میں فتوحات کی جانب بڑھ رہا ہے، اور حکومت کا مقصد ملک کو مضبوط، خوشحال اور تعلیم یافتہ بنانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام کو ان کا حق ملنے تک پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وہ جمعرات کے روز آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے ہاڑی گہل میں دانش سکول کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزرا انجینئر امیر مقام، احسن اقبال، رانا مشہود احمد خاں سمیت معززین اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
“چار روزہ جنگ کے بعد بھارتی فوج گھٹنوں پر آ گئی” — وزیراعظم
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پاک–بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:
“امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کی فتوحات پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔ ہماری افواج نے بہترین کارکردگی دکھائی، بھارتی فوج چند ہی دنوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئی۔”
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مواقع پر بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کرتے رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق یہ عسکری کامیابیاں پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنی ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ:
“فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور عسکری و سیاسی قیادت نے بلا خوف و خطر فیصلے کیے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی مہم جوئی نے پوری دنیا میں پاکستان کو عزت دلائی ہے۔”
تعلیم کا میدان — دانش سکولوں کے دائرہ کار میں مزید توسیع
وزیراعظم نے تقریب کے دوران دانش سکولوں کی کامیابیوں پر تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ:
بھمبر میں دانش سکول کا 35 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
باغ کا دانش سکول 23 مارچ 2026ء کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دانش سکول نیلم ویلی تک مزید پھیلائے جائیں گے۔
فارورڈ کہوٹہ میں بھی نیا دانش سکول قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول ملک کے نامور اداروں کے برابر ہیں جہاں عام گھروں کے بچے، یتیم اور غریب طالب علم مفت معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور کئی بچے انجینئر، ڈاکٹر اور بین الاقوامی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا:
“دانش سکول علامہ اقبال اور قائداعظم کے وژن کی تکمیل ہیں۔ یہی بچے ملک کو عظیم بنائیں گے۔”
آزاد کشمیر کی قیادت کا ردعمل
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کیلئے جو اقدامات کیے ہیں وہ بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا:
“آج پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی معترف ہے۔ کشمیری عوام کو یقین ہے کہ پاکستان اُن کی بہتر ترجمانی کر رہا ہے۔”
وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ دانش سکولوں کا ملک بھر میں قیام ایک تاریخی قدم ہے جس سے ذہین اور مستحق طلبہ کیلئے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔
تعلیم اور ترقی کا وژن — احسن اقبال کا خطاب
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف نے جو آغاز خادم پنجاب کے طور پر کیا تھا، آج وہ پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ:
پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے لاکھوں طلبہ اعلیٰ تعلیم تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔
“اڑان پاکستان” جیسے programes مستقبل کی ٹیکنالوجی اور علم پر مبنی ترقی کا حصہ ہیں۔
رانا مشہود: “مستحق طلبہ کی زندگی بدلنے کا خواب پورا ہو رہا ہے”
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ:
“شہباز شریف نے 2010 میں جس خواب کی بنیاد رکھی تھی، آج وہ پورے پاکستان میں حقیقت بن چکا ہے۔ دانش سکول ہزاروں بچوں کی زندگیاں بدل رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب دانش اتھارٹی کو اب پاکستان دانش اتھارٹی بنا دیا گیا ہے، جس کے تحت پورے پاکستان میں یہ منصوبے توسیع پا رہے ہیں۔
“معاشی میدان میں بھی فتوحات ضروری ہیں” — وزیراعظم
تقریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا:
“اگر قوم معاشی طور پر ترقی نہ کرے تو کامیابی دیرپا نہیں رہتی۔ اب ہماری اگلی جنگ معاشی میدان میں ہے، اور حکومت دن رات اسی سمت میں کام کر رہی ہے۔”
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایک دن آئے گا جب کشمیر کے عوام آزادی حاصل کریں گے اور انہی دانش سکولوں میں ان کے بچے بھی تعلیم حاصل کریں گے۔



