پاکستان پریس ریلیز

پاکستان پنجاب: لاہو، ڈیرہ غازی خان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو کے وائرس کی موجودگی

آئندہ انسداد پولیو مہم میں خطرے سے دوچار دونوں اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ

(سید عاطف ندیم-پاکستان):صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو نے لاہور اور ڈیرہ غازی خان سے حاصل کئے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اورفیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انسداد پولیو مہم میں ان دونوں اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔
ٹاسک فورس کا اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیوعظمیٰ کاردار، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، صحت، تعلیم کے محکموں کے سیکرٹریز، عالمی ادارہ صحت (WHO) سمیت بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران ان اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج کو یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے انسداد پولیو مہم میں موجود خامیوں کو دور کرنا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کو فیلڈ میں مکمل تحفظ اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت میں ضم ہونے والا پاپولیشن ویلفیئر کا عملہ بھی مہم میں خدمات سرانجام دے گا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے 21 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر مہم کی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن، پولیو ورکرز کی جدید تربیت اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر زور دیا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔ لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں یہ مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی، جبکہ دیگر اضلاع میں 25 اپریل تک مکمل کی جائے گی۔ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے خصوصی موبائل اور ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button