
"کبڈی پاکستان کی ثقافتی پہچان ہے، ایسے ایونٹس نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرتے ہیں” ملک فیصل ایوب کھوکھر
نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کبڈی جیسے ٹورنامنٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے
(سید عاطف ندیم-پاکستان): پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام سرسبز تین ملکی "بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ” کا شاندار آغاز لاہور کے واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں ہوگیا۔ تین روزہ ایونٹ میں پاکستان، بھارت اور ایران کی ٹیمیں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک فیصل ایوب کھوکھر تھے، جو کہ ایران اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے افتتاحی میچ سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کبڈی کو پنجاب اور پاکستان کی ثقافتی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی مقابلے نہ صرف نوجوانوں میں کھیلوں کا جذبہ بیدار کرتے ہیں بلکہ علاقائی ہم آہنگی اور دوستی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی اور عوامی سطح پر بے حد مقبول کھیل ہے جس کے فروغ کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ یہ بات ہم سب کے لیے باعث فخر ہے کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے ساتھ ملکر کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد کروایا تھا اور اس میں پاکستان کی ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔ ہم آج بھی کبڈی ورلڈ کپ کروانے کے لیے تیار ہیں۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کبڈی جیسے ٹورنامنٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کبڈی کے کھلاڑیوں کو انڈرومنٹ فنڈ میں لاکر جیتنے والے کھلاڑیوں کو وظیفے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کبڈی کے مزید قومی و بین الاقوامی مقابلے کروائے جائیں گے تاکہ اس کھیل کو عالمی سطح پر پہچان مل سکے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام احتجاج، دھرنوں اور انتشار کی سیاست سے تنگ آ چکے تھے، اب صوبے میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے ایک خوشگوار تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔ ایسے ایونٹس نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ سیاحت اور ثقافت کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔
انہوں نے تینوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک کبڈی ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پاکستان ، بھارت اور ایران کے مابین دوستی، بھائی چارے اور امن کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت کا وژن ہے کہ کھیل کو سفارشات سے پاک کیا جائے اور ہر حال میں میرٹ کو ترجیح دیجائے تاکہ ہر بچے کو اپنا خواب پورا کرنے کا بھرپور موقع مل سکے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی ٹورنامنٹ کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں جبکہ غیر ملکی ٹیموں کو حکومت کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے چوہدری شافع حسین کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے بھارتی اور ایرانی فیڈریشنز سے براہ راست رابطے کے ذریعے اس سہ ملکی ٹورنامنٹ کو ممکن بنایا۔