
(سید عاطف ندیم-پاکستان): پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بدھ کا دن کافی مشکل رہا جہاں پہلے صبح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ سہ پہر میں شدید تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے گاڑیوں، سولر پینل اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ہونے والی طوفانی بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں جہاں متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے وہیں فیصل مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اسلام آباد میں بدھ کی سہ پہر اچانک سے اندھیرا چھانے لگا اور اس کے چند لمحوں بعد ہی شدید ژالہ باری شروع ہوئی جبکہ آسمان سے برسنے والے برف کے گولوں کا سائز بھی کافی بڑا تھا۔
سوشل میڈیا پر گھروں، عمارتوں اور گاڑیوں کے ٹوٹے شیشوں کی تصاویر شیئر ہونا شروع ہو گئیں۔ فون کی گھنٹیاں بجنا شروع ہو گئیں اور ہر طرف ایک دوسرے کی خیریت اور گاڑیوں اور گھر کے متعلق سوالات تھے۔
شہر میں سڑکیں ٹوٹے درختوں کے تنوں، پتوں، گندگی (تیز ہوا کے بعد) اور پانی سے بھری نظر آ رہی ہیں۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پانی بھی کھڑا ہو گیا۔ ریڈ زون، پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف سڑکوں پر بھی پانی جمع ہو گیا، بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ایسی ژالہ باری گذشتہ دس سالوں میں نہیں دیکھی گئی ہے۔ ژالہ باری کے باعث اسلام آباد میں قائم شاہ فیصل مسجد کے دروازوں اور کھڑکھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ چھت کو بھی نقصان پہنچا اور اولے مسجد کے اندر گرے۔