پاکستاناہم خبریں

پہلگام حملے کے بعد خطے میں کشیدگی، چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا پاکستان کی حمایت کا اعلان

وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لیے بیجنگ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا

اسلام آباد / بیجنگ (سید عاطف ندیم-پاکستان): پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں چین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لیے بیجنگ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "دہشت گردی کا مقابلہ کرنا تمام اقوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور چین اس محاذ پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔”
وانگ یی نے پاکستان کے "معقول سکیورٹی خدشات” کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے چین کی حمایت کا وعدہ کیا اور کہا کہ بیجنگ اسلام آباد کے خودمختاری اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ میں مکمل معاونت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا: "پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی حمایت چین کے اس وسیع تر عزم کا حصہ ہے جو کہ علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔”
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلگام حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور سیاسی حلقوں میں پاکستان پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ چین کی جانب سے اس موقع پر حمایت کا اعلان اسلام آباد کے لیے سفارتی طور پر اہم سمجھا جا رہا ہے۔
بیجنگ نے اپنے دیرینہ مؤقف کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی "تمام شکلوں اور اقسام” کی مخالفت کرتا ہے، اور خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام فریقین پر تحمل اور تعمیری مکالمے پر زور دیتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button