
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، آن لائن تجارت: پنجاب تیزی سے ترقی کررہا ہے، مریم نواز شریف
ڈیجیٹل لین دین میں شفافیت، بہتر کارکردگی اور سیکیورٹی امور کے لیے اسٹیبل کوائن سلوشن کے نفاذ پر بھی گفتگو ہوئی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ لبرٹی آرگنائزیشن کے اعلیٰ سطح وفد کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ پنجاب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آن لائن تجارت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ تنظیم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت یافتہ ہے۔ وفد میں زجری فوک مین، زجری وٹ کوف اور چیس ہیرو شامل ہیں جب کہ ملاقات میں پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔
ملاقات میں بلاک چین انوویشن ٹوکنائزیشن، رئیل ورلڈ ایسٹس اور اسٹیبل ایپلیکیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا، بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کے منصوبے پرغورہوا۔
اس موقع پر معدنیات، زراعت سمیت دیگر قدرتی وسائل کی ٹوکنائزیش کا جائزہ لیا گیا۔ ڈیجیٹل لین دین میں شفافیت، بہتر کارکردگی اور سیکیورٹی امور کے لیے اسٹیبل کوائن سلوشن کے نفاذ پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے ترسیلات زر، مالی لین دین اور عالمی تجارت کے لیے ایک بہتر فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کی معیشت اور مالی نظام کو ایک غیر مرکزی مالی ماڈل کے ساتھ مربوط کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کے اختراعی معاشی نظریات کو سراہا، پنجاب کو ڈیجٹیل انوویشن کا ریجنل لیڈر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے وفد کو پنجاب حکومت کی ڈیجیٹل اور تکنیکی ترقی اور مالیاتی شراکت داری کے بارے میں آگاہ کیا۔