پاکستاناہم خبریںتازہ ترین

بھارت کی جانب سے پاکستان پر ممکنہ فوجی کارروائی کا خدشہ: قابل اعتماد انٹیلی جنس رپورٹ

پاکستان نے، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے، سچائی سامنے لانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل ایک غیر جانبدار، شفاف اور معتبر تحقیقاتی کمیشن کی کھلے دل سے پیشکش کی

(سید عاطف ندیم-پاکستان): پاکستان کو قابل اعتماد انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان پر لگائے گئے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کی آڑ میں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے خطے میں خود کو جج، جیوری اور جلاد کے طور پر پیش کرنے کی کوشش غیر ذمہ دارانہ، تکبر پر مبنی اور سختی سے ناقابل قبول ہے۔ پاکستان، جو خود برسوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے، اس عذاب کی شدت کو بخوبی سمجھتا ہے اور ہمیشہ عالمی سطح پر دہشت گردی کی ہر شکل اور مظہر کی کھل کر مذمت کرتا آیا ہے۔
پاکستان نے، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے، سچائی سامنے لانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل ایک غیر جانبدار، شفاف اور معتبر تحقیقاتی کمیشن کی کھلے دل سے پیشکش کی۔ تاہم، بھارت نے اس مثبت پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے تصادم اور غیر منطقی رویے کا راستہ اختیار کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے معتبر تحقیقات سے گریز بذاتِ خود اس کے اصل عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر عوامی جذبات کو جان بوجھ کر بھڑکا کر اسٹریٹیجک فیصلے لینا افسوسناک اور خطرناک ہے۔
پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان اس کا یقینی، فوری اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ اس تناظر میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا فوری نوٹس لے، کیونکہ کسی بھی ممکنہ تصادم اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔ پاکستان کی قوم اور مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مادرِ وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button