
آرمی چیف کا بڑا اقدام: بھارتی ویب سائٹس اور میڈیا کو بھرپور جواب، عالمی سطح پر بھی بلاک کروایا گیا
آرمی چیف کو اس موقع پر پوری طرح احساس تھا کہ پاکستانی میڈیا، اینکرز، رپورٹرز اور چینلز نے قومی مفاد میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): آرمی چیف نے ایک جرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف پہلے مرحلے میں بھارتی ویب سائٹس کو ملک میں بلاک کروایا بلکہ بھارت کی جانب سے پاکستانی میڈیا کے خلاف کیے گئے اقدامات کا مؤثر اور بھرپور جواب بھی دیا۔ اس حکمتِ عملی کے تحت انٹرنیشنل پلیٹ فارمز پر بھی بھارتی چینلز اور URL’s کو بلاک کروانے میں کامیابی حاصل کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستانی میڈیا کے خلاف رویے کے ردعمل میں کیا گیا، جہاں بھارتی حکام نے پاکستان کے میڈیا مواد کو بارہا محدود یا مکمل طور پر بلاک کیا۔ اب پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع میں بھرپور موقف اختیار کیا بلکہ عالمی سطح پر بھارتی پروپیگنڈا کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو اس موقع پر پوری طرح احساس تھا کہ پاکستانی میڈیا، اینکرز، رپورٹرز اور چینلز نے قومی مفاد میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی۔ ایسے میں ان تمام میڈیا ہاؤسز کی خواہش اور کوششوں کا مؤثر جواب دینا ضروری تھا، جسے قیادت کی جانب سے سراہا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام میڈیا کے محاذ پر ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی بیانیے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔