
(سید عاطف ندیم-پاکستان): حکومت پاکستان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی ہے جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت کی تکمیل پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے منگل کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیرِاعظم نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بُنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارک باد دی۔
اعزاز ملنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
صدر اور وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزرا، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارک باد دی گئی ہے۔
جبکہ یہ اعزاز ملنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور فوجی شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔
’صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں۔ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان۔ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لئے اعزاز ہے۔‘
وفاقی کابینہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔
وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا۔ چھ اور سات مئی کی رات انڈیا نے پاکستان پر بلااشتعال اور بلاجواز جنگ مسلط کی۔ پاکستان کی سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔
’دشمن کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے مثالی جرات اور عزم کے ساتھ پاکستانی فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔‘

بیان کے مطابق ’وفاقی کابینہ نے کہا کہ آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔ ان کی شاندار عسکری قیادت، جرات، اور بہادری، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے مقابلے میں دلیررانہ دفاع کے اعتراف میں، جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی وزیرِاعظم کی تجویز کابینہ نے منظور کر لی۔‘
وزیرِاعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
وفاقی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوان، غازیان، شہدا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بُنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلٰی سرکاری ایورڈز سے نوازا جائے گا۔