پاکستانتازہ ترین

انڈیا نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے، 8 اموات اور 35 زخمی ہوئے: ڈی جی آئی ایس پی آر

ان کے مطابق ’پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف زمین اور فضا سے جوابی کارروائی جاری ہے۔‘

(سید عاطف ندیم-پاکستان): افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’انڈیا نے پاکستان میں 6 مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جن میں 8 اموات ہوئیں جبکہ 35 افراد زخمی ہوئے۔‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کی علی الصبح نیوز بریفنگ میں تصدیق کی کہ ’انڈیا نے پاکستان میں پانچ جگہوں پر فضا سے میزائل داغے ہیں جن میں مریدکے، احمدپور شرقیہ، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد شامل ہیں۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ ’پاکستان وقت کا تعین کر کے انڈیا کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دے گا۔‘
ان کے مطابق ’پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف زمین اور فضا سے جوابی کارروائی جاری ہے۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ انڈیا نے احمد پور شرقیہ میں مسجد کو نشانہ بنایا جس میں پانچ افراد مارے گئے جبکہ 31 زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین سال کی ایک بچی بھی شامل ہے۔
احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا، مظفر آباد میں شاہی والی جگہ پر مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک مرد کی جان چلی گئی جبکہ ایک زخمی ہے۔
کوٹلی میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا، 16 سال کی لڑکی اور 18 سال کا لڑکا مارے گئے۔
سیالکوٹ کے شمال میں کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔

پنجاب میں ہنگامی حالات کا نفاذ

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے تمام سٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹیاں سنبھالنے کا حکم دیا ہے۔
پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
 وزیراعلٰی پنجاب نے شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملے کو بھی طلب کر لیا ہے۔

انڈیا نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا: خواجہ آصف

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انڈیا نے تینوں حملے سویلین آبادی پر اپنی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے کیے۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈینز ذرا سامنے آئیں، ہم اُن کے ساتھ دو دو ہاتھ کرتے ہیں۔انڈیا نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔‘
دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ  افواج انڈین جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے دو انڈین جہاز مار گرائے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔

پاکستان میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا گیا: انڈین وزارت دفاع کی تصدیق

دوسری جانب انڈیا کی وزارت دفاع نے رات گئے ایک اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ انڈین آرمی نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے انڈیا کے خلاف ’دہشت گردی‘ کی منصوبہ بندی اور احکامات دیے گئے۔
انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت مجموعی طور پر 9  اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں نہایت محتاط، محدود اور غیر اشتعال انگیز نوعیت کی تھیں، جن میں کسی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ آج بعد از دوپہر دی جائے گی۔
مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button