
’قومی سلامتی کو خطرہ‘، انڈیا نے پاکستانی فلموں، گانوں اور پوڈکاسٹ پر پابندی عائد کر دی
انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف اٹھایا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا اقدام نہیں ہے۔
سوشل ڈیسک -اردو
انڈیا کی وزارت اطلاعات و نشریات نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز(سٹریمنگ پلیٹ فارمز) کے لیے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق انڈیا میں پاکستانی فلموں، گانوں، پوڈکاسٹ اور دوسرے آن لائن مواد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انڈیا کی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر انڈین حکومت نے تمام سٹریمنگ پلیٹ فارمز کو پاکستانی مواد نشر کرنے سے روک دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک اعلامیے کے مطابق ’قومی سلامتی کے مفاد میں انڈیا میں کام کرنے والے تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو ہدایت دی جاتی ہے کہ پاکستانی ویب سیریز، فلمیں، گانے، پوڈکاسٹ اور دوسرے مواد کو چاہے وہ سبسکرپشن ماڈل پر دستیاب ہو یا پھر کسی اور طریقے سے فوری طور پر بند کر دیا جائے۔‘
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر میزائل، فضائی اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف اٹھایا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا اقدام نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پہلگام واقعے کے بعد انڈیا میں دو درجن کے قریب پاکستان سے تعلق رکھنے والے میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے یوٹیوب چینلوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
انڈیا کی وزارت داخلہ نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ یہ یوٹیوب چینلز جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے اور انڈین فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔
اس پیش رفت کے بعد انڈیا میں اگر کوئی صارف ان چینلز تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا تھا تو انہیں درج ذیل پیغام چینل پر واضح نظر آتا تھا ’قومی سلامتی یا عوامی نظم سے متعلق حکومت کے حکم کی وجہ سے یہ مواد اس ملک میں تاحال دستیاب نہیں ہے۔‘
انڈین میڈیا میں رپورٹ ہونے والی تفصیل کے مطابق ان چینلز میں پاکستان کے معروف ٹی وی چینلز اور انفرادی کانٹینٹ کریئیٹررز کے یوٹیوب چینلز شامل تھے۔
کشیدگی کی وجہ سے پہلے ہی فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔