اہم خبریںپاکستان

"پاکستانی حملے کا بھارتی ڈرامہ، جب حملہ کریں گے دنیا دیکھے گی”

پاکستان نے انڈین طیارے گرائے یا نہیں، جواب صحیح وقت پر دیں گے: انڈین سیکریٹری خارجہ

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ائی ایس پی آر) کے سربراہ جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں 15مقامات پر حملے کی خبر جھوٹ ہے، مودی سرکار اپنے فائدے کیلئے ڈراما کر رہی ہے تاہم جب پاکستان حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائے دے گی، بھارتی میڈیا نہیں بتائے گا لیکن پوری دنیا جان جائے گی۔

جمعرات کی رات پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ائی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ نیوز بریفنگ دی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ آدم پور سے چار میزائل فائر ہوئے، ان میں سے ایک پروجیکٹائل (میزائل) انہوں نے خود امرتسر میں گرایا، باقی دو بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہوئے، ان میں سے ایک کو ڈنگہ پر مار گرایا گیا، جس کا فرانزک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشرقی سرحد ہماری گہری نظر ہے اور ہر متحرک شے کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اسے گرایا جا رہا ہے جب کہ گزشتہ شب اس طرح کے 3 میزائل بھارت نے خود اپنی حدود میں امرتسر میں گرائے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ دعویٰ سفید جھوٹ ہے کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملہ کیا ہے، کوئی بھی میزائل جب چلایا جاتا ہے تو وہ اپنے ڈیجیٹل نشانات چھوڑتا ہے، اگر 15 مقامات پر حملہ کیا جاتا تو اس کے شواہد ضرور ہوتے۔اگر بھارت نے 15 جگہوں پر میزائل مار گرائے تو پھر وہ اپنے پانچ طیاروں کو کیسے نہ بچاسکا، بھارتی حکومت ملکی سطح پر اپنے فائدے کے لیے ڈراما کر رہی ہے جس سے اسے گریز کرنا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس آئی نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو پھر بھارتی میڈیا کو اس کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ دنیا خود ہی جان جائے گی، پاکستان جب حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائے دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں داخل ہونے والے تمام ڈرونز کو بھی دیکھ لیا گیا تھا اور پھر 29 ڈرونز کو مار گرایا تاہم ایک ڈرون کے حملے میں ہمارے چار جوان زخمی ہوئے، ڈرون حملوں میں 3 شہریوں کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں اور چار زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رافیل طیاروں کا ملبہ بھارت نے خود اکٹھا کیا تھا مگر ڈرونز کا ملبہ ہم نے جمع کیا ہے، یہ ایسے ہی ہے 2019 میں انہوں نے چائے یہاں آکر پی تھی، چھ اور سات مئی کی درمیانی رات کو چائے ہم نے خود وہاں بھجوائی ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کے مقدس مقام کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جو یکسر ناقابل قبول ہے، ہم نے یہ ڈرون بھی مار گرایا، سوال یہ ہے کہ بھارت مذہبی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں انجنیئرڈ جنگی جنون نظر آرہا ہے لیکن پاکستان میں لوگ اپنے نارمل انداز میں بیٹھے ہیں کیونکہ ہم جنگ کا تجربہ رکھنے والی قوم ہیں، 20 سال سے ہم فتنہ الخوارج جیسے دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ عوام کھڑے ہیں، کچھ بھی نہیں ہوگا، ہمیشہ حق کی فتح ہوئی ہے اور حق کی فتح ہوگی۔

نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے کئی مقامات پر پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، بھارتی ڈرونز نے لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا فوجی تنصیبات پر حملے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے اور اس جھوٹ بولنے کی وجہ نظر آتی ہے، آج جو پاکستان کے اندر اسلام آباد سے کراچی تک دو درجن مقامات پر جو کام کیے ہیں وہ افسوسناک، شرمناک اور قابل مذمت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے گرائے یہ شاید ان سے ہضم نہیں ہورہا، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 5 طیارے گرائے، بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے یہ حرکتیں کررہا ہے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک کہانی بنائی گئی کہ پاکستان نے کل رات پھر بھارت کے اندر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ہم نے آج کی کارروائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کارروائی نہیں کی اور ایک ذمہ دار ملک کے طور پر ہرممکن اسٹریٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، پاک افواج دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور جس طرح پاک فضائیہ نے 75 سے 80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا، وہ واضح مثال ہے کہ ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 36 گھنٹے پہلے بہت بڑا مقابلہ کیا اور پاکستان کو اللہ نے سرخرو کیا، بھارت کے کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج الرٹ ہے۔

’آپریشن سندور‘ کے دوسرے حصے متعلق انڈین وزارت خارجہ کی بریفنگ

ادھر جمعرات کو دہلی میں وزارت خارجہ کی ’آپریشن سندور‘ کے دوسرے حصے کے بارے میں نیوز بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس بریفنگ میں انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے ہمراہ کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومکا سنگھ بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر ایک صحافی نے کرم مسری سے سوال کیا کہ پاکستان انڈیا کے جنگی طیارے مار گرانے کے دعوے کر رہا ہے اس بارے میں ان کا کیا کہنا ہے کہ تو انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس سوال کا جواب ’صحیح وقت‘ پر دیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انڈین حکام کا کہنا تھا کہ ’آپریشن سندور کے دوران نیلم جہلم ڈیم کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔‘

پاکستانی حکام یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ انڈیا کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کیے جانے والے حملوں میں انڈیا نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچایا اور ایک ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے۔

تاہم انڈیا کے سیکرٹری خارجہ نے اس دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈیا نے صرف ان اہداف کو نشانہ بنایا جن کا تعلق دہشت گردی سے تھا۔‘

ان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا انڈیا کے پاس یہ اطلاعات موجود ہیں کہ آپریشن سندور میں دہشت گردی میں ملوث کسی بڑے نام کی ہلاکت ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے پاس ایسی معلومات نہیں ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button