
سیلاب کی بروقت رپورٹنگ اور ریسکیو آپریشن بارے ضلعی کنٹرول روم کو فی الفور فعال کریں اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھیں، فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی
انہوں نے کہا کہ ڈی سی ڈی جی خان ، راجن پور اور ڈی سی تونسہ کو سیلابی صورتحال کی بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے اور متعلقہ اضلاع سے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ڈائریکٹر جنرل پراونشیل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے کوہ سلمان سے منسلک ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی ڈی جی خان ، راجن پور اور ڈی سی تونسہ کو سیلابی صورتحال کی بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے اور متعلقہ اضلاع سے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی بروقت رپورٹنگ اور ریسکیو آپریشن بارے ضلعی کنٹرول روم کو فی الفور فعال کریں اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھیں ، ہنگامی صورتحال میں متاثرہ علاقوں میں بروقت ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 مکمل فعال ہیں اور پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہریوں کو سیلاب جیسی تباہی سے بچانے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے عملے اور ہیوی مشینری کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے صحافی کے سوال پر موسم کی صورتحال بارے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج (منگل) رات تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ لاہور ، اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب ، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور بہاولنگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے اسی دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بارش تیز ہواؤں/ ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں(بالخصوس گندم) اور کمزور انفرسٹرکچر کو شدید نقصان کا خطرہ ہے
انہوں نے کہا کہ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوےُ فصلوں کی آبیاری کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ مسافر حضرات اور سیاح خراب موسم میں غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں اور ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں تاکہ بروقت آپ کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔