
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بھارتی افواج کو فضائی اور زمینی محاذ پر شدید ناکامیوں کے بعد اب بھارتی میڈیا نے نیوی کے ذریعے جارحیت کا تاثر دینے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ائیر کرافٹ کیریئر کی کراچی کی طرف مبینہ پیش قدمی کی خبریں گمراہ کن اور من گھڑت ہیں، جنہیں برطانوی اخبار ٹیلیگراف کے ذریعے جان بوجھ کر سنسنی خیز انداز میں پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ائیر کرافٹ کیریئر اس وقت بھی بین الاقوامی پانیوں میں اسی مقام پر موجود ہے جہاں وہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات موجود تھا، جب بھارت کی جانب سے فضائی حملے کی کوشش کی گئی تھی۔
پاکستانی سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ٹیلیگراف کی رپورٹ میں کراچی ائیرپورٹ کو بھارتی نیول فورسز کی رینج میں قرار دینا ایک غیر سنجیدہ دعویٰ ہے، کیونکہ جدید جنگی ہتھیاروں کی رینج اتنی طویل ہو چکی ہے کہ کسی بھی مقام سے کسی بھی ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان دشمن کی ہر چال، فریب اور پراپیگنڈہ کے خلاف مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔ دفاعِ وطن کے تمام تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔