پاکستاناہم خبریںتازہ ترین

پاکستان اپنے وعدے پر قائم، سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی

بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی میں پاکستان کو شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے، بھارت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں

(سید عاطف ندیم-پاکستان): ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے بھارتی سیکریٹری خارجہ کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے وعدے پر دیانت داری سے قائم ہے اور کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنگ بندی کی خلاف ورزی سے متعلق بھارتی سیکریٹری خارجہ کے بیان سےمتعلق سوال پر ردعمل دیا گیا ہے۔ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ بندی پر پاکستان دیانت داری سے عمل درآمد کے لیے جس طرح اعلان کیا گیا ہے اسی طرح بدستور پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے متعدد علاقوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے باوجود ہماری افواج صورت حال کو ذمہ داری اور تحمل کے ساتھ سنبھالی رہی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ ہمارا ماننا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد میں کسی قسم کے مسئلے کو متعلقہ سطح پر رابطہ کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور میدان میں موجود سپاہیوں کو بھی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے اندر جشن کا ماحول ہے، پاکستان نے جس انداز میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اس پر عوام جشن منا رہے ہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ ملٹری ترجمان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بولنے کے قابل نہیں تھے، آواز بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔

بھارت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو بھی سانپ سونگ گیا ہے، بھارت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے، ہماری جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھاکہ بھارت کو ایسے الزامات عائد نہیں کرنے چاہئیں، پاکستان کی طرف سے کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، پاکستانی قوم اور میڈیا جشن منا رہے ہیں، بھارت کو ہمارے مؤثر جواب کے بعد پاکستان کو عزت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی میں پاکستان کو شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے، بھارت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button