
فخرِ پاکستان ،ہیرو آف دی اسکائیز ، ونگ کمانڈر حیدر اعجاز سلیم میو
پاک فضائیہ کے نوجوان پائلٹ نے بھارتی رافیل طیارہ گرا کر تاریخ رقم کر دی
(سید عاطف ندیم-پاکستان): پاکستان ایئر فورس کے نوجوان پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ حیدر اعجاز میو نے شجاعت و مہارت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے جدید ترین جنگی طیارے رافیل کو مار گرایا۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پہلے پاکستانی پائلٹ بن گئے ہیں جنہوں نے بھارت کے اس جدید ترین طیارے کو فضائی جھڑپ کے دوران تباہ کیا۔
حیدر اعجاز میو کا تعلق تحصیل کوٹ رادھا کشن، ضلع قصور کے گاؤں چک نمبر 55 سے ہے۔ وہ پاکستان ایئر فورس کے سابق کرنل اعجاز احمد میو کے صاحبزادے ہیں، جن کا شمار پاک فضائیہ کے جری افسران میں ہوتا ہے۔ میواتی برادری کے اس نوجوان ببر شیر نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق، واقعہ ایک فضائی مداخلت کے دوران پیش آیا جب دشمن طیارہ پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ فلائٹ لیفٹیننٹ حیدر اعجاز نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے طیارے کو ہدف بنایا اور کامیابی سے اسے تباہ کر دیا۔
اس تاریخی کامیابی پر پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ میواتی برادری اور علاقہ کوٹ رادھا کشن میں جشن کا سماں ہے۔ عوامی و عسکری حلقوں نے فلائٹ لیفٹیننٹ حیدر اعجاز میو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔