
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعظم پاکستان نے جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدہ صورت حال کے دوران پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے اظہار پر ترک صدر رجب طیب ایردوان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کی مستقل اور مخلصانہ حمایت ایک بار پھر اس تاریخی اور برادرانہ رشتے کی علامت ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو جوڑتا ہے۔
وزیراعظم نے صدر ایردوان کی طرف سے پاکستانی مؤقف کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کے خلوص اور عزم نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے عوام کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے کر دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے ذریعے پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور ایک بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر اپنی خودمختاری کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فتح ہے، جس پر پوری قوم ربِ کریم کی شکر گزار ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، لیکن وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی طرف سے بھارت کے ساتھ جنگ بندی پر آمادگی اسی مفاہمتی پالیسی کا حصہ تھی، جو امن کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مسلسل بہتری اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ رواں سال فروری میں صدر ایردوان کے تاریخی دورۂ اسلام آباد کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران کیے گئے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد انتہائی ضروری ہے تاکہ طے شدہ منصوبوں پر جلد از جلد پیش رفت ہو۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی سطح پر جلد جوائنٹ کمیشن کے اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی روابط اور فیصلہ سازی کا تسلسل ہی دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔
اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر نے وزیراعظم اور پوری قوم کو حالیہ فوجی اور سفارتی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے عوام پاکستان کی کامیابیوں پر خوش ہیں اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ترک سفیر نے کہا کہ صدر ایردوان دونوں ممالک کے درمیان ہر شعبے میں قریبی اور مستحکم تعاون کے خواہاں ہیں، اور اس مقصد کے لیے اعلیٰ سطحی ادارہ جاتی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔